واشنگٹن (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی ۔ 09 نومبر 2026ء ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ بنیادی طور پر ایک مذہبی شخصیت ہیں اور انہیں امید ہے کہ موت کے بعد جنت میں جگہ ملے گی۔ تاہم انہوں نے اپنے سیاسی مخالفین کے حوالے سے سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ وہ بعض دشمنوں سے نفرت کرتے ہیں اور یہ نفرت برقرار رہے گی۔ امریکی ٹی وی چینل سی بی ایس نیوز کے معروف پروگرام ’60 منٹس‘ کو دیئے گئے انٹرویو میں صدر ٹرمپ نے زندگی، موت اور مذہبی عقائد سے متعلق سوالات کے جواب دیے۔ ان سے سوال پوچھا گیا کہ کیا وہ مرنے کے بعد جنت میں جانے کی توقع رکھتے ہیں؟ اس پر امریکی صدر کا کہنا تھا کہ وہ بنیادی پر مذہبی انسان ہیں اور انہیں امید ہے کہ وہ جنت میں جائیں گے، کیونکہ وہ جہنم میں نہیں جانا چاہتے۔ سیاسی مخالفین کو معاف کرنے سے متعلق سوال پر ٹرمپ نے کہا کہ وہ اپنے بعض سیاسی حریفوں کو معاف نہیں کرسکتے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ اپنے جذبات کے بارے میں سچ بولنا چاہتے ہیں اور انہیں اپنے کچھ دشمنوں سے نفرت ہے جو ہمیشہ برقرار رہے گی۔ اس تناظر میں نینسی پیلوسی اور سابق ایف بی آئی ڈائریکٹر جیمز کومی کا بھی ذکر کیا گیا۔ انٹرویو میں ٹرمپ نے اپنی انتظامیہ کی امیگریشن پالیسیوں پر بھی بات کی اور اعتراف کیا کہ غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف بعض کارروائیاں ضرورت سے زیادہ سخت ہوسکتی ہیں، خصوصاً ان لوگوں کے لیے جو طویل عرصے سے امریکہ میں رہ رہے تھے اور وہاں ملازمتیں بھی کررہے تھے۔ امریکی صدر نے اس موقع پر امیگریشن قوانین میں اصلاحات کے لیے ڈیموکریٹک پارٹی کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔ مزید برآں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا کے وسط مدتی انتخابات کے نتائج پر سوالات اٹھاتے ہوئے انتخابی عمل کی شفافیت، پولنگ سروے اور ووٹنگ مشینوں کی کارکردگی پر شکوک و شبہات کا اظہار کر دیا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر اپنے بیان میں انتخابی نتائج کو مشکوک قرار دیتے ہوئے کہا کہ کیا کوئی یقین کر سکتا ہے کہ یہ انتخابات شفاف تھے اور پولز کے نتائج اتنے غلط کیسے ثابت ہو سکتے ہیں ۔ صدر ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا کہ ابتدائی ووٹنگ کے بعض نتائج کے اعدادوشمار اتنے بڑے تھے کہ ان کے مقابلے میں کامیابی حاصل کرنا ناممکن دکھائی دیتا تھا، چاہے کتنے ہی لوگ ووٹ ڈالنے کے لیے آ جاتے۔ ان کے بقول انتخابی عمل میں ووٹرز کے بجائے مشینوں کا کردار زیادہ اہم ہو گیا ہے اور فیصلے ووٹرز نہیں بلکہ مشینیں کر رہی ہیں۔ ٹرمپ کے اس بیان کو حالیہ وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی شکست کے بعد انتخابی عمل پر ان کے تحفظات اور دھاندلی کے الزامات کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔دلچسپ امر یہ ہے کہ انتخابات کی رات صدر ٹرمپ نے نتائج تسلیم کرنے اور ڈیموکریٹس کے ساتھ مل کر کام کرنے پر آمادگی ظاہر کی تھی، تاہم تقریباً ایک ہفتے بعد انہوں نے انتخابی نتائج کی شفافیت پر سوالات اٹھا دیے۔