کویت سٹی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 نومبر 2026ء) کویتی حکام نے چار ایشیائی باشندوں کو گرفتار کرلیاہے ،جو غیرقانونی تجارتی سرگرمیوں میں ملوث تھے۔ کویتی اخبار الأنباء کے مطابق الاحمدی گورنریٹ کے خفیہ اداروں نے پبلک اتھارٹی برائے فوڈ اینڈ نیوٹریشن کے تعاون سے الصباحیہ کے علاقے میں بغیر لائسنس کے گروسری اسٹورز کو نشانہ بناتے ہوئے ایک سیکیورٹی آپریشن کے دوران ایشیائی شہریت کے چار افراد کو گرفتار کیا۔ کویتی وزارت داخلہ نے وضاحت کی کہ یہ آپریشن غیر قانونی تجارتی سرگرمیوں کو روکنے اور رہائشی علاقوں میں بغیر لائسنس کے کاروبار کے آپریشن سے نمٹنے کے لیے جاری کوششوں کا حصہ ہے۔ وزارت نے مزید کہا کہ ملزمان غیر مجاز گروسری اسٹورز کے اندر کام کرتے ہوئے پائے گئے۔ پبلک اتھارٹی برائے فوڈ اینڈ نیوٹریشن نے غیرقانونی تجارتی سرگرمیوں میں ملوث اداروں کے خلاف ملکی قوانین کے مطابق قانونی کارروائی شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ واضح رہے کہ کویتی حکام نے روان ہفتے سعد العبد کے علاقے میں پانچ بنگلادیشی افراد کو گرفتار کرنے کا اعلان کیا تھا ،جو سکول کے طلبہ کو الیکٹرانک سیگریٹ فروخت کرنے میں ملوث تھے۔ کویتی میڈیا کے مطابق جنرل ڈیپارٹمنٹ آف کریمنل انویسٹی گیشن نے پانچ بنگلہ دیشی افراد کو گرفتار کیا ہے جو اسکول کے طلباء کو الیکٹرانک سگریٹ فروخت کرنے میں ملوث تھے۔ یہ افراد سعد العبداللہ کے علاقے میں ایک نجی رہائش گاہ سے کریانہ اسٹور کی طرز پر اپنا کاروبار چلاتے تھے، جہاں وہ فون پر آرڈر وصول کرتےاور پھر اسے گھر کے باہر پہنچا دیتے تھے۔ حکام کے مطابق یہ گرفتاری کریمنل سیکیورٹی سیکٹر کو موصول ہونے والی اس اطلاع کے بعد عمل میں آئی کہ ایک اسکول کے قریب واقع کریانہ اسٹور پر نوعمروں کو الیکٹرانک سگریٹ فروخت کیے جا رہے ہیں۔