قاہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 نومبر 2026ء) مصر کے دارالحکومت قاہرہ کے جنوبی علاقے میں دو مسافر ٹرینوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں کئی بوگیاں پٹری سے اترگئیں جس کے نتیجے میں کم از کم 120 افراد شدید زخمی ہو گئے۔ خلیج ٹائمز کے مطابق مصری ریلویز اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ ابتدائی بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ حادثہ الجیزہ سے فیوم جانے والی مسافر ٹرین کی جانب سے قاہرہ سے اسوان جانے والی دوسری قطار کو پیچھے سے ٹکر مارنے کے باعث پیش آیا، ٹکر اتنی شدید تھی کہ متعدد بوگیاں پٹری سے اتر گئیں جس کے نتیجے میں ٹرینوں میں سوار مسافروں میں شدید بھگدڑ اور چیخ و پکار مچ گئی۔ بتایا گیا ہے کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی مصری وزارتِ صحت اور ریسکیو سروسز نے فوری طور پر جائے وقوعہ پر 52 سے زائد ایمبولینسز کو روانہ کردیا، ایمرجنسی عملے نے بھاری کرینوں اور ہیوی مشینری کا استعمال کرتے ہوئے تباہ شدہ بوگیوں کے ملبے کو ہٹانے اور اندر پھنسے ہوئے زخمی مسافروں کو نکالنے کا کام شروع کیا، زخمیوں کو فوری طبی امداد کی فراہمی کے لیے نزدیک واقع دو بڑے ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے جہاں کئی افراد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ مصری حکام اور ریلوے انتظامیہ نے اس المناک حادثے کی وجوہات کا تعین کرنے کے لیے ایک اعلیٰ سطح کی تحقیقاتی کمیٹی قائم کرکے انکوائری کا آغاز کر دیا، تحقیقاتی حکام کا کہنا ہے کہ سگنلنگ سسٹم کی خرابی، بریک کی ناکامی یا انسانی غفلت کے پہلوؤں کو سامنے رکھتے ہوئے باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ ذمہ داروں کا تعین کرکے ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جا سکے۔ بتایا جارہا ہے کہ یہ حادثہ الجیزہ کے علاقے العیاط میں پیش آیا جو مصری ریلوے کی تاریخ میں بدترین حادثات کے حوالے سے جانا جاتا ہے، سال 2002ء میں اسی علاقے میں قاہرہ سے جنوب کی جانب جانے والی ایک مسافر ٹرین میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی تھی جس کے نتیجے میں 370 سے زائد افراد لقمہ اجل بن گئے تھے، جب کہ سال 2009ء میں العیاط کے اسی حصے میں متعدد ٹرینیں آپس میں ٹکرا گئی تھیں جس میں درجنوں مسافر جان کی بازی ہار گئے تھے۔ مقامی میڈیا نے بتایا ہے کہ مصر کی 11 کروڑ کی آبادی سفر کے لیے بڑے پیمانے پر ریلوے نیٹ ورک پر انحصار کرتی ہے جو بر اعظم افریقہ کے سب سے بڑے ریل نیٹ ورکس میں سے ایک ہے، اگرچہ گزشتہ دہائی کے دوران مصری حکومت نے نقل و حمل کے بنیادی ڈھانچے، نئی موٹرویز اور ہائی اسپیڈ ریلوے لائنوں کی تعمیر پر اربوں ڈالر صرف کیے ہیں، تاہم پرانے اور بوسیدہ ریلوے نیٹ ورک کی جامع اوور ہالنگ نہ ہونے کی وجہ سے اکثر اس قسم کے جان لیوا حادثات رونما ہوتے رہتے ہیں۔