ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 نومبر 2026ء) سعودی عرب کی قیادت میں یمن میں سرگرم عسکری اتحاد نے اتوار کے روز دارالحکومت ریاض اور مملکت کے مختلف حصوں کی جانب داغے جانے والے مجموعی طور پر پانچ میزائلوں کو فضا میں ہی ناکام بناتے ہوئے تباہ کرنے کا اعلان کیا ہے، حالیہ چند دنوں کے دوران حوثی باغیوں کی جانب سے میزائل اور ڈرون حملوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ العربیہ نیوز کے مطابق سعودی اتحاد کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق اتوار کے روز فضائی دفاعی نظام نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے ریاض اور جنوبی علاقوں کے اوپر دو کروز میزائلوں کو تباہ کر دیا، اس سے چند گھنٹے قبل یہ اطلاع دی گئی تھی کہ حوثی ملیشیا کی جانب سے ریاض اور مملکت کے مشرقی ریجن کو نشانہ بنانے والے تین بیلسٹک میزائلوں کو بھی فضا میں ہی روکا گیا اور تباہ کر دیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ میزائل حملوں کی ان کوششوں کے بعد سعودی عرب کے سول ڈیفنس نے دارالحکومت ریاض سمیت متعدد حساس علاقوں میں ارلی وارننگ الرٹس جاری کیے، اسی طرح مشرقی ریجن کے شہروں بشمول دمام، ظہران، ابقیق اور الاحسا میں بھی حفاظتی اقدامات کے تحت وارننگ جاری کی گئیں، تاہم خطرہ ٹلنے کے بعد حکام کی جانب سے ’آل کلیئر‘ کا اعلان کر دیا گیا۔ رپورٹس سے معلوم ہوا ہے کہ یہ حملے گزشتہ کئی روز سے جاری کشیدگی کا تسلسل ہیں، ہفتہ کو اتحاد نے ریاض ریجن کی جانب داغا جانے والا ایک حوثی کروز میزائل تباہ کیا، جمعہ کو جنوبی سعودی عرب کے شہر نجران پر دو بیلسٹک میزائلوں کو روکا گیا جبکہ ریاض اور مکہ کے علاقوں میں دو ڈرونز بھی تباہ کیے گئے، جمعرات کو مغربی سعودی عرب کے شہر مدینہ منورہ کو نشانہ بنانے والا حوثی بیلسٹک میزائل اور مشرقی ریجن میں ایک ڈرون فضا میں ہی مار گرایا گیا۔ بتایا جارہا ہے کہ یہ تازہ حملے ایران کے حامی حوثیوں اور یمن کی تسلیم شدہ حکومت کے حامی فوجی اتحاد کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کا نتیجہ ہیں، حوثی باغیوں کی جانب سے طویل عرصے سے سعودی عرب کے دارالحکومت، شہری آبادیوں، ہوائی اڈوں اور اہم توانائی تنصیبات کو میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنایا جا رہا ہے، جس سے خطے میں امن و سلامتی کو شدید خطرات لاحق ہیں۔