آبنائے ہرمز میں 2 آئل ٹینکر بارودی سرنگوں سے ٹکرا گئے، امریکہ کا ایران سے آنے والے بحری جہاز پر حملہ
تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 نومبر 2026ء) مشرقِ وسطیٰ کے آبی راستوں بالخصوص آبنائے ہرمز اور خلیج عمان میں کشیدگی ایک بار پھر خطرناک حد تک بڑھ گئی ہے، ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہ

تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 نومبر 2026ء) مشرقِ وسطیٰ کے آبی راستوں بالخصوص آبنائے ہرمز اور خلیج عمان میں کشیدگی ایک بار پھر خطرناک حد تک بڑھ گئی ہے، ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز کے قریب دو آئل ٹینکرز بارودی سرنگوں سے ٹکرانے کے بعد آگ کی زد میں آ گئے، جب کہ دوسری جانب امریکی فوج نے خلیج عمان میں ایران پر عائد ناکہ بندی کی مبینہ خلاف ورزی کرنے پر سینٹ کٹس کے پرچم بردار کارگو جہاز کو نشانہ بنا کر ناکارہ بنا دیا۔ عالمی میڈیا کے مطابق ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ دو آئل ٹینکرز، جن میں سے ایک آبنائے ہرمز اور دوسرا اس کے مشرقی علاقے میں موجود تھا، وہ بارودی سرنگوں سے ٹکرانے کے بعد شدید آتشزدگی کا شکار ہوگئے، دونوں ٹینکرز نے اپنے نیویگیشن اور پوزیشننگ سسٹمز بند کر رکھے تھے اور وہ ان بحری راستوں سے گزرنے کی کوشش کر رہے تھے جنہیں تہران حکومت غیر مجاز قرار دیتی ہے، ایرانی فورس نے خطے سے گزرنے والے دیگر جہازوں کو بھی خبردار کیا ہے کہ جو بحری جہاز ایران کے مقرر کردہ ضوابط کی خلاف ورزی کریں گے، وہ اس قسم کے خطرات سے دوچار ہو سکتے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایرانی صوبہ ہرمزگان کے مختلف علاقوں بشمول قشم، سیرک، جاسک اور بندر عباس میں دھماکوں سے ملتی جلتی پُراسرار آوازیں سنی گئی تھیں، اگرچہ ابتدائی طور پر ان آوازوں کی وجوہات واضح نہیں ہو سکی تھیں، تاہم پاسدارانِ انقلاب نے اپنے بیان میں واضح کیا ہے کہ بحری جہاز امریکی سینٹرل کمانڈ سینٹکام کی ہدایات پر ہرگز انحصار نہ کریں۔ ایک دوسری پیشرفت میں امریکی فوج نے خلیج عمان میں کارروائی کرتے ہوئے ایک تجارتی بحری جہاز کو نشانہ بنا کر ناکارہ بنا دیا ہے، امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی فورسز نے سینٹ کٹس کے پرچم بردار کارگو جہاز ایم وی ہدیٰ کے خلاف یہ اقدام کیا، یہ کارگو جہاز ایک ایرانی بندرگاہ کا دورہ کرنے کے بعد علاقائی پانیوں سے نکلنے کی کوشش کر رہا تھا اور اس نے ایران پر عائد امریکی بحری ناکہ بندی کی خلاف ورزی کی تھی۔ امریکی فوج نے کہا ہے کہ جہاز کے سویلین عملے کو سمندری حدود سے نکلنے اور رکنے کے لیے متعدد مرتبہ وارننگز دی گئی تھیں لیکن عملے نے امریکی فورسز کے احکامات کو صریحاً نظر انداز کیا، احکامات نہ ماننے پر امریکی فوجی طیارے نے کارگو جہاز کے پچھلے حصے پر گائیڈڈ گولہ بارود فائر کیا، جس کا مقصد جہاز کو آگے بڑھنے سے روکنا اور اسے ناکارہ بنانا تھا۔



