ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 نومبر 2026ء) سعودی حکام نے حائل کے علاقے میں ایک غیرملکی باشندے کو گرفتارکرنے کا اعلان کیا ہے،جو مساج سینٹر کے اندر غیراخلاقی حرکات میں ملوث تھا ۔ سعودی اخبار صدی کے مطابق حائل ریجن کی پولیس نےکمیونٹی سیکیورٹی اور انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے جنرل ایڈمنسٹریشن کے ساتھ مل کرایک غیر ملکی کو گرفتار کیا ہے جو ایک مساج سینٹر میں عوامی اخلاقیات کے منافی سرگرمیوں میں ملوث تھا۔ حکام کے مطابق ملزم کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور اس کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے اسے پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ حکام نے مزید بتایا کہ علاقائی میونسپلٹی نے بھی میونسپل ضوابط کے مطابق مذکورہ سینٹر پر جرمانے عائد کرتے ہوئے اس کے خلاف کارروائی کا آغاز کردیا ہے ۔ واضح رہے کہ سعودی حکام نے کل جدہ میں پانچ غیرملکی باشندوں کو منشیات فروخت کرنے کے الزام میں گرفتار کرنے کا اعلان کیا تھا۔ سعودی میڈیا کے مطابق جدہ گورنریٹ میں جنرل ایڈمنسٹریشن آف دی مجاہدین فورسز کے گشتی دستوں نے سرحدی حفاظتی ضوابط کی خلاف ورزی کرنے پر پانچ غیرملکی شہریوں کو گرفتار کر لیا ہے۔حکام کے مطابق ملزمان چرس، ایمفیٹامائنز اور ایسی گولیوں کی تشہیر اور پھیلاؤ میں ملوث تھے، جن کی تقسیم طبی ضوابط کے تحت ممنوع ہے۔ملزمان سے منشیات اور نشہ آور ادویات برآمد کرکے انہیں حراست میں لے لیا گیا ہے اور ان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ مزید ضروری کارروائی کے لیے انہیں متعلقہ حکام کے سپرد کر دیا گیا ہے۔ حکام نے شہریوں سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ مشکوک افراد کی اطلاع متعلقہ اداروں کو دیں ،تاکہ ان کے خلاف بروقت کاروائی عمل میں لائی جاسکے۔