ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 نومبر 2026ء) سعودی حکام نے الشرقیہ میں پانچ غیرملکی افراد کو حراست میں لیاہے، جن پر ماحولیاتی ضوابط کی خلاف ورزی کا الزام ہے۔ سعودی اخبار السبق کے مطابق ماحولیاتی تحفظ کے لیے قائم خصوصی فورس نے الشرقیہ میں پانچ غیر ملکی باشندوں کو گرفتار کیا ہے جن کا تعلق پاکستان اور بنگلہ دیش سے ہے ۔ ملزمان کو قدرتی ذخائر کے غیر مجاز انخلاء اور مٹی کی غیر قانونی کھدائی کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔ حکام کے مطابق ملزمان کے قبضے سے مٹی کھدائی کے چار آلات بھی ضبط کر لیے گئے ہیں۔ ماحولیاتی تحفظ کے لیے قائم اسپیشل فورسز نے شہریوں اور مقیم افراد سے اپیل کی ہے کہ وہ ماحول یا جنگلی حیات کو نقصان پہنچانے والے کسی بھی واقعے کی فوری اطلاع دیں،تاکہ ملزمان کے خلاف بروقت کاروائی عمل میں لائی جاسکے۔ فورسز نے اس بات پر زور دیا ہے کہ تمام اطلاعات کو مکمل صیغہ راز میں رکھا جائے گا، اور اطلاع دینے والوں کو کسی قسم کی قانونی ذمہ داری یا بازپرس کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ واضح رہے کہ سعودی حکام نے آج حائل کے علاقے میں ایک غیرملکی باشندے کو گرفتارکرنے کا اعلان کیا تھا ،جو مساج سینٹر کے اندر غیراخلاقی حرکات میں ملوث تھا ۔ سعودی اخبار صدی کے مطابق حائل ریجن کی پولیس نےکمیونٹی سیکیورٹی اور انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے جنرل ایڈمنسٹریشن کے ساتھ مل کرایک غیر ملکی کو گرفتار کیا ہے جو ایک مساج سینٹر میں عوامی اخلاقیات کے منافی سرگرمیوں میں ملوث تھا۔ حکام کے مطابق ملزم کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور اس کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے اسے پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ حکام نے یقین دلایا کہ تفتیش مکمل کرنے کے بعد ملزم کے خلاف قانون کے مطابق سزا عمل میں لائی جائے گی۔