ابوظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 7 نومبر 2026ء) متحدہ عرب امارات میں کھانے پینے کی اشیا اور دیگر آرڈرز پہنچانے والے موٹر سائیکل رائیڈرز کیلئے نئے ٹریفک ضوابط متعارف کرائے گئے ہیں جن کے تحت ڈلیوری کے دوران کمر پر بیگ لاد کر آرڈر لے جانے اور موٹر سائیکل پر پیچھے مسافر بٹھانے کی ممانعت ہوگی۔ نئے وفاقی قواعد یکم جنوری 2027 سے نافذ ہوں گے۔ امارات کے سرکاری خبر رساں ادارے وام کی 4 نومبر کی رپورٹ اور گلف نیوز کی 7 نومبر کی تفصیلات کے مطابق یہ پابندیاں وفاقی ٹریفک قانون کے نفاذ کیلئے کابینہ کے فیصلے نمبر 174 برائے 2026 کے تحت مقرر کی گئی ہیں۔ ان کا مقصد ڈلیوری سروسز کو منظم کرنا اور سڑکوں پر رائیڈرز اور دیگر افراد کی حفاظت بہتر بنانا ہے۔ ڈلیوری کیلئے کمر پر بیگ استعمال کرنے کی ممانعت نئے ضوابط کے مطابق ڈلیوری رائیڈرز آرڈر لے جانے کیلئے پشت پر اٹھائے جانے والے بیگ استعمال نہیں کرسکیں گے۔