سعودی عرب میں مقامی لکڑی کی اسمگلنگ میں ملوث غیرملکی شہری گرفتار
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 نومبر 2026ء) سعودی حکام نے ایک غیر ملکی کو گرفتار کرلیا ہے،ملزم مقامی لکڑی کی اسمگلنگ میں ملوث تھا۔ سعودی اخبار صدی کے مطابق ماحولیاتی تحفظ کے لیے قائم اسپیشل فورسزنے ایک غیرملکی باش

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 نومبر 2026ء) سعودی حکام نے ایک غیر ملکی کو گرفتار کرلیا ہے،ملزم مقامی لکڑی کی اسمگلنگ میں ملوث تھا۔ سعودی اخبار صدی کے مطابق ماحولیاتی تحفظ کے لیے قائم اسپیشل فورسزنے ایک غیرملکی باشندے کو امام فیصل بن ترکی رائل ریزرو کے اندر مقامی طور پر حاصل کردہ 27 مکعب میٹر لکڑی کی نقل و حمل کے ذریعے ماحولیاتی ضوابط کی خلاف ورزی کرنے پر گرفتار کر لیا ہے۔ حکام کے مطابق ملزم کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے اور ضبط شدہ لکڑی متعلقہ حکام کے حوالے کر دی گئی ہے۔ فورسز نے بتایا ہے کہ مقامی لکڑی یا کوئلے کی نقل و حمل پر جرمانہ 16,000 سعودی ریال فی مکعب میٹر تک ہو سکتا ہے۔ فورسز نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ماحول یا جنگلی حیات کو نقصان پہنچانے والی کسی بھی سرگرمی کی اطلاع متعلقہ اداروں کو دیں ،تاکہ ملزمان کے خلاف بروقت کارروئی عمل میں لائی جاسکے۔ تمام اطلاعات کو مکمل صیغہ راز میں رکھا جائے گا اور اطلاع دینے والوں کو کسی قسم کی قانونی ذمہ داری کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔واضح رہے کہ سعودی حکام نے آج الشرقیہ میں پانچ غیرملکی افراد کو حراست میں لینے کا اعلان کیا تھا، جن پر ماحولیاتی ضوابط کی خلاف ورزی کا الزام ہے۔ سعودی اخبار السبق کے مطابق ماحولیاتی تحفظ کے لیے قائم خصوصی فورس نے الشرقیہ میں پانچ غیر ملکی باشندوں کو گرفتار کیا ہے جن کا تعلق پاکستان اور بنگلہ دیش سے ہے ۔ ملزمان کو قدرتی ذخائر کے غیر مجاز انخلاء اور مٹی کی غیر قانونی کھدائی کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔ حکام کے مطابق ملزمان کے قبضے سے مٹی کھدائی کے چار آلات بھی ضبط کر لیے گئے ہیں۔ حکام نے یقین دلایا ہے کہ ملزمان کے حوالے سے تحقیقات مکمل کرکے انہیں جلدی قانوں کے مطابق سزا دی جائے گی۔



