منامہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 نومبر 2026ء) بحرینی حکام نے تین ایشیائی باشندوں کو گرفتار کرنے کا اعلان کیا ہے،جو منشیات فروخت کرنے میں ملوث تھے۔ بحرینی اخبار الخلیج کے مطابق وزارت داخلہ نے تصدیق کی ہے کہ جنرل ڈائریکٹوریٹ آف کریمنل انویسٹی گیشن اینڈ فارنسک سائنس کے ماتحت اینٹی نارکوٹکس ڈائریکٹوریٹ نے دو الگ الگ کارروائیوں میں تین ایشیائی باشندوں کو گرفتار کیا ہے۔ ملزمان کے قبضے سے منشیات اور ممنوعہ ادویات برآمد کی گئی ہیں جن کی مالیت 166,000 بحرینی دینار سے زائد ہے۔ محکمہ انسداد منشیات نے بتایا کہ دو واقعات کے بارے میں اطلاع ملنے پر تحقیقات کا آغاز کیاگیا ۔ حکام کی تفتیش کے نتیجے میں ملوث افراد کی شناخت اور گرفتاری عمل میں آئی، اور ان کے قبضے سے نشہ آور اشیاء اور ممنوعہ ادویات برآمد کر لی گئیں۔ محکمے نے مزید کہا کہ ضبط شدہ اشیاء کو محفوظ کر لیا گیا ہے، ضروری قانونی کارروائی مکمل کر لی گئی ہے، اور دونوں مقدمات پبلک پراسیکیوشن کو بھجوا دیے گئے ہیں۔ جنرل ڈائریکٹوریٹ آف کریمنل انویسٹی گیشن اینڈ فارنسک سائنس نے منشیات کے خلاف جنگ اور معاشرے کو ان کے خطرات سے محفوظ رکھنے میں عوامی شراکت داری کی اہمیت پر زور دیا ہے۔ ادارے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ منشیات فروخت اور اسمگلنگ کرنے والوں کی اطلاع متعلقہ اداروں کو دیں تاکہ ملزمان کے خلاف بروقت کاروائی عمل میں لائی جاسکے۔ حکام یقین دہانی کرائی ہے کہ معلومات دینے والے کی شناخت مکمل طور پر صیغہ راز میں رکھی جائے گی اور انہیں کسی بھی قانونی کاروائی کے لئے نہیں بلایا جائے گا۔ حکام نے مزید کہا کہ منشیات سے معاشرے کو محفوظ بنانا سیکورٹی فورسز کی اولین ترجیح ہے ،جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔