کویت سٹی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 نومبر 2026ء) کویتی حکام نے سعد العبد کے علاقے میں پانچ بنگلادیشی افراد کو گرفتار کرلیاہے ،جو اسکول کے نوعمر طلبہ کو الیکٹرانک سیگریٹ فروخت کرنے میں ملوث تھے۔ کویتی میڈیا کے مطابق جنرل ڈیپارٹمنٹ آف کریمنل انویسٹی گیشن نے پانچ بنگلہ دیشی افراد کو گرفتار کیا ہے جو اسکول کے طلباء کو الیکٹرانک سگریٹ فروخت کرنے میں ملوث تھے۔ یہ افراد سعد العبداللہ کے علاقے میں ایک نجی رہائش گاہ سے کریانہ اسٹور کی طرز پر اپنا کاروبار چلاتے تھے، جہاں وہ فون پر آرڈر وصول کرتےاور پھر اسے گھر کے باہر پہنچا دیتے تھے۔ حکام کے مطابق یہ گرفتاری کریمنل سیکیورٹی سیکٹر کو موصول ہونے والی اس اطلاع کے بعد عمل میں آئی کہ ایک اسکول کے قریب واقع کریانہ اسٹور پر نوعمر لڑکوں کو الیکٹرانک سگریٹ فروخت کیے جا رہے تھے۔ متعلقہ حکام نے تحقیقات اور نگرانی کا آغاز کیا، جس سے اطلاع کی تصدیق ہوئی اور آرڈرز وصول کرنے، تیار کرنے اور پہنچانے کے طریقہ کار کا انکشاف ہوا۔ فورسز کی کارروائی کے نتیجے میں پہلا مشتبہ شخص دکان کے باہر اسکول کے طلباء کو الیکٹرانک سگریٹ فروخت کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا، جبکہ دیگر مشتبہ افراد کو اس مقام کی تلاشی کے دوران حراست میں لے لیا گیا۔ تفتیش کاروں نے الیکٹرانک سگریٹس کے 13 بڑے اور 23 چھوٹے ڈبے، 219 چھوٹے تھیلے، اور فروخت سے حاصل ہونے والی 1,722 دینار کی رقم برآمد کی۔ وزارت داخلہ کے ایک بیان کے مطابق ملزمان نے اعتراف کیا کہ وہ ایک کریانہ اسٹور سے اپنا کام چلا رہے تھے اور انہوں نے آپس میں ذمہ داریاں تقسیم کر رکھی تھیں۔ وزارت نے تصدیق کی ہے کہ ملزمان اور برآمد شدہ سامان کو ضروری قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔