کویت سٹی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 نومبر 2026ء) کویت کے علاقے رمیثیہ میں بلند عمارت سے گرنے کے نتیجے میں پاکستانی شہری کو کھوپڑی اور ریڑھ کی ہڈی میں فریکچر آگئےہیں ۔ کویتی میڈیا کے مطابق رمیثیہ کے علاقے میں ایک عمارت سے بلندی سے گرنے کے نتیجے میں ایک پاکستانی شہری زخمی ہو گیا، جس کے باعث اس کی کھوپڑی اور ریڑھ کی ہڈی میں فریکچرز آ گئے ہیں۔ کویتی حکام کے مطابق زخمی کو مبارک الکبیر ہسپتال کے انتہائی نگہداشت یونٹ آئی سی یو میں داخل کرایا گیا ہے۔ حکام نے مزید بتایا کہ مبارک الکبیر ہسپتال سے ایک اطلاع موصول ہوئی ہے جس کے مطابق مذکورہ شخص کو ایمبولینس کے ذریعے ہسپتال لایا گیا، وہ رمیثیہ کے علاقے میں ایک عمارت پر بلندی سے نیچے گر گیا تھا۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ طبی معائنے سے انکشاف ہوا کہ غیر ملکی شہری کی کھوپڑی اور ریڑھ کی ہڈی میں فریکچرز آئے ہیں، جس کے باعث اسے ضروری طبی نگہداشت کے لیے انتہائی نگہداشت یونٹ آئی سی یو میں داخل کرنا پڑا۔ اس واقعے کے حوالے سے مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور متعلقہ حکام نے گرنے کے حالات کی تحقیقات کے لیے ضروری اقدامات شروع کر دیے ہیں۔حکام نے یقین دلایا ہے کہ تفتشی ٹیم مسئلے کی تہ تک پہنچنے کے لئے تحقیقات کررہی ہے ، تاکہ اس میں ملوث تمام ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے ۔ ہسپتال عملے نے حکام کو بتایا کہ زخمی کو انتہائی نگہداشت یونٹ میں رکھا گیا ہے اور اس کا علاج جاری ہے جس میں کسی قسم کی کوئی کوتاہی نہیں برتی جارہی۔ واضح رہے کہ کویت میں پاکستانی شہریوں کی ایک بڑی تعداد روزگار اور محنت مزدوری کے سلسلے میں مقیم ہے، جو مختلف شعبہ ہائے زندگی میں اپنی خدمات انجام دے رہی ہے۔ پاکستانی محنت کش تعمیرات، ڈرائیونگ، ہوٹلنگ، ٹرانسپورٹ، ٹیکنیکل کاموں اور دیگر شعبوں سے وابستہ ہیں۔