کویت سٹی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 نومبر 2026ء) کویتی حکا م نے منشیات فروخت کرنے کے الزام میں چار بنگلادیشی باشندوں کو حراست میں لینے کا اعلان کیا ہے ۔ کویتی اخبار الأنباء کے مطابق جنرل ڈائریکٹوریٹ فار ڈرگ کنٹرول نے چار الگ الگ مقدمات میں پانچ مشتبہ افراد کو منشیات اور ممنوعہ ادویات رکھنے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔حکام کے مطابق یہ گرفتاریاں اس حفاظتی مہم کے ایک حصے کے طور پر کی گئی ہیں جن کا مقصد منشیات فروشوں کا تعاقب کرنا اور ان کی غیر قانونی سرگرمیوں کو روکنا ہے۔ کویتی وزارت داخلہ کے ایک بیان کے مطابق سیکورٹی آپریشنز کے نتیجے میں مختلف منشیات ضبط کی گئیں، جن میں 60 گرام کوکین، 50 گرام کرسٹل میتھ، ممنوعہ ادویات اور 10 کیپٹاگون گولیاں شامل ہیں۔ وزارت داخلہ نے تصدیق کی ہے کہ مشتبہ افراد اور ضبط شدہ اشیاء کو ضروری قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ حکام کے سپرد کر دیا گیا ہے۔ وزارت نے نشاندہی کی کہ یہ ضبطگیاں منشیات اور نفسیاتی اثرات کی حامل اشیاء کے خلاف جاری کوششوں کا حصہ ہیں، جن کا مقصد ان کی تقسیم کے ذرائع کا خاتمہ کرنا ہے۔ حکام نے شہریوں سے پر زور اپیل کی ہے کہ وہ منشیات کے اسمگلنگ یا فروخت میں ملوث افراد کی اطلاع متعلقہ ادارو کو دیں ،تاکہ ان کے خلاف بروقت کاروائی عمل میں لائی جاسکے ۔ حکام نے مزید کہا کہ کویتی سرزمین کو منشیات سے پاک کرنا سیکورٹی فورسز کی اولین ترجیح ہے جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ حکام نے یہ بھی یقین دلایا کہ اطلاع دینے والوں کے نام صیغہ راز میں رکھے جائیں گے اور انہیں کسی طرح کے قانونی معاملے میں شامل تفتیش نہیں کیا جائے گا۔