کویت سٹی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 نومبر 2026ء) کویتی عدالت نے ایک بنگلادیشی باشندے کو پھانسی کی سز ا سنادی ، ملزم اپنے دوست کے قتل میں ملوث تھا ۔ کویتی میڈیا کے مطابق کریمنل کورٹ نے ایک بنگلہ دیشی باشندے کو سزائے موت سنائی ہے۔ عدالت کے مطابق ملزم کو اپنے ایک دوست کو سوچے سمجھے منصوبے کے تحت قتل کرنے کا مجرم قرار دیا گیا، یہ قتل ان کے درمیان پیدا ہونے والے تنازعات کے بعد عمل میں آیا تھا۔ کویتی پبلک پراسیکیوشن نے ملزم پر الزام عائد کیا کہ اس نے مقتول کو قتل کرنے کا پختہ ارادہ کر رکھا تھا۔ ملزم چاقو لے کر اپنے کام کی جگہ پر ایک ایسی مخصوص جگہ پر چھپ کر مقتول کے باہر نکلنے کا انتظار کرتا رہا جہاں اس کے آنے کا ملزم کو علم تھا۔ جیسے ہی مقتول وہاں پہنچا، ملزم نے اس کی جان لینے کے ارادے سے اس کے سر اور جسم پر چاقو کے کئی وار کیے، جس کے نتیجے میں آنے والے زخم جان لیوا ثابت ہوئے۔ دوسرے مقدمے میںکریمنل کورٹ نے منشیات فروخت کرنے والے ایک شخص کو عمر قید کی سزا سنائی۔ مذکورہ شخص کو چرس اور نفسیاتی اثرات ڈالنے والے نشہ آور ادویات رکھنے کا مجرم قرار دیا گیا، جنہیں وہ فروخت کرنے اور خود استعمال کرنے کے ارادے سے اپنے پاس رکھے ہوئے تھا۔ جنرل ایڈمنسٹریشن فار ڈرگ کنٹرول کے اہلکاروں نے ایک خفیہ کارروائی کے دوران گرفتار کیا، جس وقت اس کے قبضے سے یہ ممنوعہ نشہ آور اشیاء برآمد ہوئیں۔ استغاثہ نے ملزم پر الزام عائد کیا کہ وہ خرید و فروخت اور ذاتی استعمال کے لیے چرس، نیز انہی مقاصد کے لیے ایمفیٹامائن اپنے قبضے میں رکھے ہوئے تھا۔ کویتی حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ منشیات کے خلاف جدوجہد میں وہ فورسز کے ساتھ تعاون کو جاری رکھیں ،تاکہ مملکت کو منشیات کی لت سے پاک کیا جاسکے۔