ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 نومبر 2026ء) سعودی پولیس نے ریاض شہر میں چار غیرملکی باشندوں کو گرفتار کرلیاہے،جن پر ماحولیاتی ضوابط کی خلاف ورزی کا الزام ہے ۔ سعودی اخبار السابق کے مطابق ماحولیاتی تحفظ کے لیے مختص فورسز نے ریاض کے علاقے میں بغیر لائسنس قدرتی ذخائر نکال کر ماحولیاتی ضوابط کی خلاف ورزی کرنے پر چار غیر ملکی باشندوں کو گرفتار کر لیا ہے، جن کا تعلق پاکستان، مصر اور یمن سے ہے۔ حکام نے بتایا کہ مٹی کی کھدائی اور نقل و حمل کے لیے استعمال ہونے والی بھاری مشینری کے چار یونٹ بھی ضبط کر لیے گئے ہیں۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے اور انہیں مزید تفتیش اور مقررہ قانونی سزاؤں کے نفاذ کے لیے متعلقہ حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ ماحولیاتی تحفظ کے لیے خصوصی فورسز تمام شہریوں اور رہائشیوں سے اپیل کرتی ہیں کہ وہ ایسی کسی بھی سرگرمی کی اطلاع دیں جو ماحول یا جنگلی حیات کے لیے نقصان دہ ہو۔ حکام نے یقین دلایا کہ تمام اطلاعات کو مکمل رازداری کے ساتھ نمٹایا جاتا ہے، اور اطلاع دینے والے شخص پر کسی قسم کی کوئی ذمہ داری عائد نہیں ہوگی۔ واضح رہے کہ سعودی حکام نے کل مدینہ منورہ میں مقیم ایک بنگلادیشی شہری کو گرفتار کرنے کا اعلان کیا تھا،جس پر ماحولیاتی ضوابط کی خلاف ورزی کا الزام ہے ۔سعودی اخبار صدی کے مطابق ماحولیاتی تحفظ کے لیے قائم خصوصی فورسز نے مدینہ کے علاقے میں کنکریٹ کا ملبہ پھینک کر ماحول کو آلودہ کرنے اور زمین کو نقصان پہنچانے کے ذریعے ماحولیاتی ضوابط کی خلاف ورزی کرنے پر ایک بنگلہ دیشی باشندے کو گرفتار کر لیا ہے۔ حکام کے مطابق ملزم کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے اور اسے متعلقہ حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔