اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 31 اکتوبر 2026ء) سعودی عرب نے پاکستانی شہریوں کیلئے ویزہ کے حصول کے عمل کو آسان بنانے کی غرض سے اسلام آباد میں اپنے سفارت خانے میں ویزہ درخواستوں کی اسی دن پراسیسنگ کی سہولت متعارف کرانے کا اعلان کردیا، اس اقدام کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان کاروباری، ثقافتی اور عوامی روابط کو مزید فروغ دینا ہے۔ انگریزی اخبار ڈان کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے نئے سفیر ڈاکٹر راجح بن تامی البقمی نے اس سہولت کا اعلان وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک سے اسلام آباد میں ملاقات کے دوران کیا، وزارتِ پیٹرولیم کی جانب سے 30 اکتوبر کو جاری کردہ سرکاری اعلامیے میں بھی تصدیق کی گئی ہے کہ اسلام آباد میں سعودی سفارت خانے نے پاکستانی شہریوں کی ویزا درخواستوں پر اسی دن کارروائی کا نظام متعارف کرایا ہے۔ پاکستانیوں کیلئے ایک ہی دن ویزا درخواستوں کی پراسیسنگ سرکاری اعلامیے میں سعودی سفیر نے بتایا کہ نئی سہولت کا مقصد پاکستانی شہریوں کیلئے سعودی عرب کے سفر سے متعلق ویزا درخواستوں کی کارروائی کو تیز کرنا ہے، اس اقدام سے دونوں ممالک کے درمیان کاروباری سرگرمیوں، ثقافتی تبادلوں اور عوامی رابطوں میں آسانی پیدا ہونے کی توقع ہے۔ تاہم اس ضمن میں سعودی سفارت خانے کی جانب سے تاحال یہ واضح نہیں کیا گیا ہے کہ اس سہولت کا اطلاق کن اقسام کے ویزوں پر ہوگا؟ درخواست گزاروں کو کون سی شرائط پوری کرنا ہوں گی؟ اور آیا تمام درخواستوں کا فیصلہ بھی اسی دن کیا جائے گا؟۔ واضح رہے کہ ویزہ درخواست کی اسی دن پراسیسنگ کا مطلب لازمی طور پر اسی دن ویزہ جاری ہونا یا درخواست کی منظوری نہیں ہے، اس حوالے سے مزید تفصیلات سعودی سفارت خانے کی ہدایات سے واضح ہوں گی۔ پاکستان اور سعودی عرب میں توانائی کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ویزہ سہولت کا اعلان وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک اور سعودی سفیر کی ملاقات کے دوران سامنے آیا، جس میں دونوں ممالک نے تیل کے ذخائر، ریفائنریوں کی جدید کاری، خام تیل، ایل پی جی اور معدنیات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ وزارتِ پیٹرولیم کے مطابق پاکستان نے تیل کے تجارتی ذخائر کیلئے ٹیکس نیوٹرل بانڈڈ پالیسی منظور کی ہے، جس کے تحت سعودی کمپنیاں پاکستان میں تجارتی بنیادوں پر تیل ذخیرہ کرنے کی سہولیات قائم کرسکیں گی، وفاقی وزیر نے کہا کہ اس پالیسی سے سعودی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع ملیں گے اور خطے میں توانائی کی ترسیل کیلئے متبادل راستے اختیار کرنے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔ بلوچستان میں بڑے آئل اسٹوریج اور ریفائننگ کمپلیکس کا منصوبہ ملاقات کے دوران وفاقی وزیر نے سعودی سفیر کو بلوچستان کے علاقے حب میں ایک بڑے پیٹرولیم اسٹوریج اور ریفائننگ کمپلیکس کے مجوزہ منصوبے سے بھی آگاہ کیا، ان کے مطابق اس منصوبے پر برطانوی کمپنی ٹیکنپ انرجیز یوکے کی تکنیکی رہنمائی میں کام آگے بڑھانے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے، مجوزہ منصوبے میں خام تیل لے جانے والے بڑے بحری جہازوں کیلئے سہولیات فراہم کرنے کا بھی ارادہ ہے، جس سے پاکستان کو علاقائی توانائی کی ترسیل کے مرکز کے طور پر ترقی دینے میں مدد مل سکتی ہے۔ اس ملاقات کے دوران وفاقی وزیر نے سعودی سرمایہ کاروں کو پاکستان کی ریفائنری اپ گریڈیشن پالیسی کے تحت سرمایہ کاری کے مواقع سے بھی آگاہ کیا، جس کا مقصد مقامی ریفائنریوں کی استعداد بہتر بنانا اور یورو 5 معیار کے ایندھن کی جانب پیش رفت کرنا ہے۔ سعودی آرامکو سے خام تیل اور ایل پی جی کی فراہمی بڑھانے پر بات چیت علی پرویز ملک نے حالیہ عالمی توانائی بحران کے دوران پاکستان کو خام تیل کی فراہمی میں تعاون پر سعودی حکام کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے سعودی آرامکو کے ساتھ خام تیل کی خریداری بڑھانے اور پاکستان کیلئے ایل پی جی کی مخصوص کھیپوں کے انتظام سے متعلق جاری رابطوں کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ سردیوں میں گیس کی طلب میں متوقع اضافے کے پیش نظر ایل پی جی کی فراہمی میں تعاون پاکستان کیلئے اہمیت رکھتا ہے۔ سعودی عرب کو پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم میں شرکت کی دعوت ملاقات میں معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری کے امکانات بھی زیر بحث آئے، وفاقی وزیر نے سعودی عرب کے نائب وزیر برائے معدنیات خالد المدیفر کو 12 اور 13 نومبر کو اسلام آباد میں ہونے والے پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم میں شرکت کی دعوت دی، سعودی سفیر نے پاکستان اور سعودی عرب کے دیرینہ تعلقات کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک مختلف حالات میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ اس موقع پر دونوں فریقوں نے دفاعی، اقتصادی اور توانائی کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا، ملاقات کے دوران پاکستانی شہریوں کیلئے اسی دن ویزا درخواستوں کی پراسیسنگ کا اعلان دونوں ممالک کے عوامی روابط میں آسانی پیدا کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جارہا ہے۔