کویت سٹی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 31 اکتوبر 2026ء) کویتی حکام نے ایک ایشیائی باشندے کو گرفتار کرنے کا اعلان کیا ہے،جو ایک سیکورٹی گارڈ کے قتل میں ملوث تھا ۔ کویتی اخبار لأنباء کے مطابق وزارت داخلہ نے اعلان کیا ہے کہ جنرل ڈیپارٹمنٹ آف کریمنل انویسٹی گیشن نے پبلک سیکیورٹی سیکٹر کے تعاون سے المطلع کے علاقے میں تعمیراتی مقام پر ایک سیکیورٹی گارڈ کے قتل میں مشتبہ ایک ایشیائی شہری کو گرفتار کر لیا ہے۔ وزارت کے مطابق گرفتاری واقعے کی اطلاع ملنے کے 24 گھنٹوں سے بھی کم وقت میں عمل میں آئی۔ کویتی وزارت داخلہ نے اپنے بیان میں بتایا کہ سیکیورٹی حکام کو کل صبح ایک اطلاع موصول ہوئی تھی کہ زیرتعمیر عمارت کی چھت پر ایک سیکیورٹی گارڈ کی لاش ملی ہے۔ متعلقہ یونٹس فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچے تاکہ وہاں کا معائنہ کیا جا سکے اور شواہد اکٹھے کیے جا سکیں۔ تفتیش کے مطابق اس واقعے میں ایک سابق سیکیورٹی گارڈ مشتبہ شخص کے طور پر سامنے آیا ہے، جسے واقعے سے محض ایک روز قبل ہی ملازمت سے برطرف کر دیا گیا تھا۔ معلوم ہوا ہے کہ ویزا کی مدت ختم ہونے کی وجہ سے جاری ہونے والے وارنٹ گرفتاری کے بعدملزم نے خود کو شرق پولیس اسٹیشن کے حوالے کر دیا تھا۔ بظاہر اس کا مقصد یہ تھا کہ اس سے پہلے کہ اس واقعے میں اس کے ملوث ہونے کا انکشاف ہو، اسے ملک بدر کر دیا جائے۔ پوچھ گچھ کے دوران، مشتبہ شخص نے جرم کا اعتراف کر لیا۔ اس نے بتایا کہ اس کا متاثرہ شخص کے ساتھ تنازع چل رہا تھا، اور اس نے لکڑی کے ٹکڑے اور چاقو کا استعمال کرتے ہوئے اس پر حملہ کرنے کا اعتراف بھی کیا۔ مزید برآں، مشتبہ شخص کو متعلقہ حکام کے سپرد کرنے کے لیے ضروری قانونی کارروائی کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔