ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 اکتوبر 2026ء) سعودی حکام نے تبوک میں ایک بنگلادیشی شہری کو گرفتار کرلیا،جو منشیات فروخت کرنے میں ملوث تھا۔ سعودی اخبار السبق کے مطابق محکمہ انسداد منشیات نے تبوک کے علاقے میں ایک بنگلہ دیشی باشندے کو منشیات اور نشہ آور ادویات کی فروخت کے الزام میں گرفتار کر لیا۔ حکام نے مزید بتایا کہ جنرل ڈائریکٹوریٹ آف نارکوٹکس کنٹرول نے ہیل کے علاقے میں دو شہریوں کو 2.5 کلو گرام چرس کے ساتھ ساتھ میڈیکل ریگولیٹری کنٹرول کے تحت گولیاں تقسیم کرنے پر گرفتار کیا۔ ڈائریکٹوریٹ نے تصدیق کی کہ مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے، ان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ ملزمان کے حوالے سے تحقیقات مکمل کرنے اور مزید قانونی کارروائی کرنے کے لیے پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ ایک متعلقہ پیش رفت میں، جنرل ڈائریکٹوریٹ آف نارکوٹکس کنٹرول نے قاسم کے علاقے میں حشیش اور ایمفیٹامائنز فروخت کرنے پر چھ افراد کی گرفتاری کا اعلان کیا۔ واضح رہے کہ سعودی حکام نے کل سرحدی حفاظتی ضوابط کی خلاف ورزی کے الزام میں آٹھ غیرملکی افراد کو گرفتار کرنے کا اعلان کیا تھا۔ سعودی میڈیا کے مطابق عسیر ریجن کے الربوعہ سیکٹر میں سرحدی محافظوں نے سرحدی حفاظتی ضوابط کی خلاف ورزی کرنے پر آٹھ غیر ملکی افراد کو گرفتار کر لیا۔ حکام کے ماطابق ملزمان کے قبضے سے200 کلوگرام منشیات بھی برآمد کرلیا گیا۔ بارڈر گارڈ نے تصدیق کی ہے کہ ابتدائی قانونی کارروائی مکمل کر لی گئی ہے، اور ملزمان کو ضبط شدہ ممنوعہ اشیاء سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ حکام نے شہریوں سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ منشیات فروخت کرنے میں ملوث افراد کی اطلاع متعلقہ اداروں کو دیں ،تاکہ ان کے خلاف بروقت کاروائی عمل میں لائی جاسکے۔