دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 اکتوبر 2026ء)  قونصلیٹ جنرل آف پاکستان دبئی میں یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں دبئی اور شمالی امارات میں مقیم پاکستانی اور کشمیری برادری کے افراد نے شرکت کرکے بھارتی غیر قانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔

تقریب کے دوران صدرِ پاکستان، وزیراعظم اور نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ پاکستان کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے، جن میں کشمیری عوام کی حقِ خودارادیت کی جدوجہد کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا گیا۔ اس موقع پر مقبوضہ کشمیر کی صورتحال، کشمیری عوام کی جدوجہد اور ان کی قربانیوں کو اجاگر کرنے کے لیے ایک دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی، جبکہ تصاویر کی نمائش کا اہتمام بھی کیا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دبئی میں پاکستان کے قونصل جنرل حسین محمد نے کشمیری عوام کی جرأت، استقامت اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے جاری جدوجہد کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ قونصل جنرل نے مسئلہ کشمیر کو انسانی حقوق اور بین الاقوامی انصاف کا اہم معاملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس تنازع کا حل اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ہونا چاہیے۔ انہوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ تنازع کے منصفانہ اور پائیدار حل کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 5 اگست 2019 کے بھارت کے یکطرفہ اقدامات نے کشمیری عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کیا ہے، جبکہ پاکستان کشمیری عوام کے جائز حقوق کے لیے اپنی حمایت جاری رکھے گا۔