ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 اکتوبر 2026ء) سعودی پولیس نے جوف میں ایک غیرملکی کو گرفتار کرلیا ہے ، جو مقامی لکٹریوں کو غیر قانونی طور پر فروخت کررہا تھا ۔ سعودی میڈیا کے مطابق علاقہ الجوف میں اسپیشل روڈ سیکیورٹی فورس نے ماحولیاتی ضوابط کی خلاف ورزی کرنے پر ایک غیرملکی شہری کو حراست میں لے لیا۔ حکام کے مطابق ملزم کے قبضے سے مقامی طور پر حاصل کردہ لکڑیاں برآمد ہوئیں، جنہیں فروخت کرنے کا ارادہ تھا۔ ضبط شدہ سامان متعلقہ حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ حکام نے مزید بتایا کہ کارروائی وزارت داخلہ کی ان جاری کوششوں کا حصہ ہے جن کا مقصد مقامی لکڑیوں اور کوئلے کی غیر قانونی فروخت اور مارکیٹنگ کی نگرانی کرنا اور اس کی روک تھام کرنا ہے۔ اس میں شہروں اور گورنریٹس کے اندر، نیز مختلف خطوں کو ملانے والی سڑکوں پر کی جانے والی غیر قانونی سرگرمیاں شامل ہیں۔ پبلک سیکیورٹی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ماحول یا جنگلی حیات سے متعلق کسی بھی خلاف ورزی کی اطلاع دیں،تاکہ ملزمان کے خلاف بروقت کاروائی کی جاسکے۔ واضح رہے کہ سعودی پولیس نے کل تبوک شہر میں ایک پاکستانی شہری کو گرفتار کرنے کا اعلان کیا تھا ،جس پر ماحولیاتی ضوابط کی خلاف ورزی کا الزام ہے۔ سعودی اخبار صدی کے مطابق سیکیورٹی اور تحفظ کے لیے مختص اسپیشل فورسز نے تبوک کے علاقے میں ماحولیاتی ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر قدرتی ذخائر نکالنے کے الزام میں ایک سعودی شہری اور ایک پاکستانی رہائشی کو گرفتار کر لیا ہے اور دونوں افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔ سیکورٹی فورسز نے بتایا کہ ریت کی نقل و حمل اور مٹی کی کھدائی کے لیے استعمال ہونے والی دو بھاری مشینریاں بھی ضبط کر لی گئی ہیں۔