منامہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 اکتوبر 2026ء) بحرینی عدالت نے ایک ایشیائی خاتون کو منشیات فروخت کرنے کے الزام میں دس سال قید اور پانچ ہزار دینار جرمانے کی سزا سنادی ۔ بحرینی میڈیا کے مطابق کریمنل کورٹ آف اپیل نے ایک ایشیائی خاتون کو، جو مالی معاوضے کے عوض ڈیڈ ڈراپ کے طریقے سے منشیات کی فروخت کی مرتکب پائی گئی تھی۔ عدالت نے کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے 10 سال قید اور 5,000 دینار جرمانے کی سزا برقرار رکھی ہے۔ عدالت نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ اپنی سزا مکمل کرنے کے بعد مذکورہ خاتون کو ملک سے مستقل طور پر بے دخل کر دیا جائے گا۔ حکام کے مطابق یہ واقعہ اس وقت سامنے آیا جب محکمہ انسداد منشیات کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی کہ ایک ایشیائی خاتون ملک میں رقم کے عوض ڈیڈ ڈراپ کے طریقے کا استعمال کرتے ہوئے منشیات فروخت کر رہی ہے۔ مشتبہ خاتون کے بارے میں مزید تفتیش سے انکشاف ہوا کہ اسے اس کے ملک میں مقیم ایک نامعلوم شخص کی معاونت حاصل تھی۔ اس کے بعد مشتبہ خاتون کو حراست میں لینے کے لیے ایک ٹیم تشکیل دی گئی۔ ٹیم نے ملزمہ کی رہائش گاہ سے پلاسٹک کی کئی بوتلیں برآمد کی جن میں ایک نشہ آور مادہ بھی موجود تھا ۔ واضح رہے کہ بحرینی حکام نےروان ہفتے 11 ایشیائی باشندوں کو 23 کلوگرام منشیات اسمگلنگ کرنے کے الزام میں گرفتار کرنے کا اعلان کیا تھا ۔ بحرینی میڈیا کے مطابق وزارت داخلہ نے تصدیق کی ہے کہ جنرل ڈائریکٹوریٹ آف کریمنل انویسٹی گیشن اینڈ فارنسک سائنس کے ماتحت اینٹی نارکوٹکس ڈائریکٹوریٹ نے پانچ الگ الگ کارروائیوں میں 11 ایشیائی باشندوں کو گرفتار کیا ہے۔ حکام نے 23 کلوگرام سے زائد منشیات بھی برآمد کی ہیں، جن کی بازاری مالیت تقریباً 1 لاکھ 99 ہزار بحرینی دینار ہے۔