کویت سٹی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 اکتوبر 2026ء) کویتی حکام نے چار غیر ملکیوں کو اسمگلنگ کے الزام میں گرفتار کرلیا۔ کویتی اخبار الانباء کے مطابق جنرل ڈائریکٹوریٹ فار ڈرگ کنٹرول نے منشیات اور الکوحل والے مشروبات کی اسمگلنگ سے متعلق چار الگ الگ مقدمات میں چار مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ وزارت داخلہ نے بتایا کہ ان کارروائیوں کے نتیجے میں دو کلو گرام چرس، ایک کلو گرام کوکین، کیپٹاگون کی ہزار گولیاں، اسی گرام کرسٹل برآمد کیے گئے۔ حکام نے مزید بتایا کہ ملزام کے قبضے سے الکوحل والے مشروبات کی 97 بوتلیں اور 520 دینار بھی برآمد ہوئے، جو ان اشیاء کی فروخت سے حاصل ہونے والی رقم تھی۔ وزارت نے تصدیق کی ہے کہ مشتبہ افراد اور برآمد شدہ اشیاء کو ضروری قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ کویتی محکمہ انسداد منشیات نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ منشیات اسمگلرز کی اطلاع فورا متعلقہ حکام کو دیں ،تاکہ ان کے خلاف بروقت کاروائی کی جاسکے ۔ واضح رہے کہ کویت کی عدالت نے روان ہفتے دو غیرملکیوں کو سات سال قید کی سزا سنائی ،جو جعلی ویپ سائٹس اور سوشل میڈیا کے ذریعے لوگوں کو لوٹنے میں ملوث تھے ۔کویتی میڈیا کے مطابق کریمنل نےدو غیر ملکی باشندوں کو سات سال قید کی سزا سنائی ہے،جو جعلی ویپ سائٹس کے ذریعے لوگوں کو دھوکہ دینے اور ان سے پیسے لوٹنے میں ملوث تھے ۔ میڈیا کے مطابق عدالت نے اس دھوکے میں ملوث دو کمپنیوں پر مجموعی طور پر 61,000 کویتی دینار جرمانہ بھی عائد کیاہے۔ کویتی پبلک پراسیکیوشن نے ملزمان پر الزام عائد کیا تھا کہ انہوں نے ایسی جعلی ویب سائٹس کے صارفین کی رقوم خرد برد کیں، جو ٹیلی کمیونیکیشن کمپنیوں اور سرکاری اداروں کا روپ دھارے ہوئے تھیں۔