بحرین میں منشیات فروخت کرنے کے الزام میں چھ ایشیائی باشندے گرفتار
منامہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 اکتوبر 2026ء) بحرینی حکام نے منشیات فروخت کرنے کے الزام میں چھ ایشیائی باشندوں کو گرفتار کرلیا ہے، جن کا تعلق بھارت اور پاکستان سے ہے ۔ بحرینی میڈیا کے مطابق وزارت داخلہ نے تصدیق کی

منامہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 اکتوبر 2026ء) بحرینی حکام نے منشیات فروخت کرنے کے الزام میں چھ ایشیائی باشندوں کو گرفتار کرلیا ہے، جن کا تعلق بھارت اور پاکستان سے ہے ۔ بحرینی میڈیا کے مطابق وزارت داخلہ نے تصدیق کی کہ انسداد منشیات کے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف کریمنل انویسٹی گیشن اینڈ فرانزک سائنس کے تحت، تین الگ الگ واقعات میں ایشیائی شہریت کے چھ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے- حکام کے مطابق ملزمان سے منشیات ضبط کیے گئے ہیں، جن کی قیمت کا تخمینہ 27 ہزار دینار ہے۔ محکمہ انسداد منشیات نے بتایا کہ واقعات کے بارے میں اطلاع ملنے پر تحقیقات کا آغاز کیا گیا، جس کے نتیجے میں مشتبہ افراد کی شناخت ہوئی اور انہیں گرفتار کر لیا گیا۔ حکام نے ان کے قبضے سے منشیات اور نفسیاتی اثرات والی ادویات برآمد کیں، نیز وہ رقم بھی ضبط کی گئی جس کے بارے میں شبہ ہے کہ یہ منشیات کی فروخت سے حاصل ہوئی تھی۔ ضبط شدہ اشیاء کو تحویل میں لے لیا گیا ہے، ضروری قانونی کارروائی مکمل کر لی گئی ہے اور مقدمات پبلک پراسیکیوشن کو بھجوا دیے گئے ہیں۔ جنرل ڈائریکٹوریٹ آف کریمنل انویسٹی گیشن اینڈ فارنسک سائنس نے منشیات کے خلاف جنگ میں عوامی شراکت داری کی اہمیت پر زور دیا ہے۔ ادارے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس حوالے سے کوئی بھی معلومات متعلقہ اداروں کو فراہم کریں، اور اس بات کی یقین دہانی کرائی ہے کہ معلومات دینے والے کی شناخت مکمل طور پر صیغہ راز میں رکھی جائے گی۔واضح رہے کہ بحرینی حکام نے روان ہفتے 11 ایشیائی باشندوں کو 23 کلوگرام منشیات اسمگلنگ کرنے کے الزام میں گرفتار کرنے کا اعلان کیا تھا۔ حکام کے مطابق وزارت داخلہ نے تصدیق کی تھی کہ جنرل ڈائریکٹوریٹ آف کریمنل انویسٹی گیشن اینڈ فارنسک سائنس کے ماتحت اینٹی نارکوٹکس ڈائریکٹوریٹ نے پانچ الگ الگ کارروائیوں میں 11 ایشیائی باشندوں کو گرفتار کیا ہے۔



