ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 اکتوبر 2026ء) سعودی وزارت داخلہ نے ہیروئن اسمگلنگ کیس میں ایک پاکستانی شہری کو سزائے موت دینے کی تصدیق کردی ۔ سعودی اخبار صدی کے مطابق وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ مکہ مکرمہ میں مقیم پاکستای شہری محمد احمد نذیر شعبان ہیروئن اسمگلنگ میں ملوث تھا ۔ سیکیورٹی حکام نے ملزم کو گرفتار کر لیا اور بعد ازاں کی گئی تحقیقات کے نتیجے میں اس پر جرم کا فرد جرم عائد کیا گیا۔ ملزم کو متعلقہ عدالت میں پیش کیا گیا جہاں وہ اپنے اوپر لگائے گئے الزامات میں قصوروار ٹھہرا، اور تعزیر کے طور پر سزائے موت سنائی گئی۔سعودی سپریم کورٹ کی جانب سے فیصلے کی توثیق کر دی گئی، جس کے بعد یہ فیصلہ حتمی ہو گیا۔ شریعت کے مطابق سزا پر عمل درآمد کے لیے ایک شاہی حکم جاری کیا گیا اور مجرم محمد احمد نذیر شعبان کوسزائے موت دینے کا عمل اتوارکے رووز مکہ ریجن میں مکمل کیا گیا۔ واضح رہے کہ سعودی محکمہ انسداد منشیات نے روان ہفتے حائل میں مقیم ایک پاکستانی شہری کو گرفتار کرنے کا اعلان کیاتھا،جس پر منشیات فروخت کرنے کا الزام ہے ۔ سعودی اخبار السبق کے مطابق جنرل ڈائریکٹوریٹ فار نارکوٹکس کنٹرول نے ریاض کے علاقے سے ایک سعودی شہری اور حائل کے علاقے سے ایک پاکستانی شہری کو گرفتار کیا ہے، دونوں ملزمان منشیات اور غیرقانونی ادویات کی فروخت میں ملوث تھے۔ محکمۃ انسداد منشیات کے مطابق ریاض شہر میں ایک شہری کو 4 کلو گرام چرس کے ساتھ ساتھ نشہ آور گولیاں اور نشہ آور مادہ ایمفیٹامائن فروخت کرنے پر گرفتار کیا گیا،جبکہ پاکستانی شہری کو 1.2 کلو گرام نشہ آور مادہ میتھامفیٹامائن کی فروخت کرنے پر گرفتار کیا گیا۔ جنرل ڈائریکٹوریٹ فار نارکوٹکس کنٹرول نے تصدیق کی کہ دونوں افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے، ان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔