ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 اکتوبر 2026ء) اسعودی حکام نے مدینہ منورہ میں دو غیر ملکی رہائشیوں کو گرفتار کرلیاہے ،جن پر قدرتی ذخائر کو غیرقانونی کھدائی کرنے کا الزام ہے ۔ سعودی اخبار صدی کے مطابق ماحولیاتی تحفظ کے لیے قائم خصوصی فورسز نے مدینہ کے علاقے میں قدرتی ذخائر کی غیر قانونی کھدائی کرنے پر دو غیر ملکی رہائشیوںکو گرفتار کر لیا ہے ،جن کا تعلق پاکستان اور بھارت سے ہے۔ حکام کے مطابق ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی ہےاور ان کے قبضےسے بھاری مشینری کے دو ایسے یونٹ بھی قبضے میں لے لیے ہیں جو مٹی کی کھدائی اور نقل و حمل کے لیے استعمال کیے جا رہے تھے۔ حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ماحول یا جنگلی حیات کو نقصان پہنچانے والی کسی بھی سرگرمی کی اطلاع متعلقہ حکام کو دیں،تاکہ ان کے خلاف بروقت کاروائی عمل میں لائی جاسکے۔ حکام نے یقین دلایا ہے کہ تمام اطلاعات مکمل رازداری کے ساتھ موصول کی جائیں گی، اور اطلاع دینے والوں کو کسی قسم کی قانونی ذمہ داری یا بازپرس کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔واضح رہے کہ سعودی پولیس نے کل تبوک شہر میں بھی ایک پاکستانی شہری کو گرفتار کرنے کا اعلان کیا تھا ،جس پر ماحولیاتی ضوابط کی خلاف ورزی کا الزام ہے۔ سعودی میڈیا کے مطابق سیکیورٹی اور تحفظ کے لیے مختص اسپیشل فورسز نے تبوک کے علاقے میں ماحولیاتی ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر قدرتی ذخائر نکالنے کے الزام میں ایک سعودی شہری اور ایک پاکستانی رہائشی کو گرفتار کر لیا ہے اور دونوں افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔ سیکورٹی فورسز نے بتایا کہ ریت کی نقل و حمل اور مٹی کی کھدائی کے لیے استعمال ہونے والی دو بھاری مشینریاں بھی ضبط کر لی گئی ہیں۔