ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 اکتوبر 2026ء) سعودی پولیس نے تبوک شہر میں ایک پاکستانی شہری کو گرفتار کرنے کا اعلان کیا ہے ،جس پر ماحولیاتی ضوابط کی خلاف ورزی کا الزام ہے۔ سعودی اخبار صدی کے مطابق سیکیورٹی کے لیے مختص اسپیشل فورسز نے تبوک کے علاقے میں ماحولیاتی ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر قدرتی ذخائر نکالنے کے الزام میں ایک سعودی شہری اور ایک پاکستانی رہائشی کو گرفتار کر لیا ہے اور دونوں افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔ سیکورٹی فورسز نے بتایا کہ ریت کی نقل و حمل اور مٹی کی کھدائی کے لیے استعمال ہونے والی دو بھاری مشینریاں بھی ضبط کر لی گئی ہیں۔ سعودی حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ماحول یا جنگلی حیات کو نقصان پہنچانے والی کسی بھی سرگرمی کی اطلاع متعلقہ اداروں کو دیں ،تاکہ ملزمان کے خلاف فوری کاروائی عمل میں لائی جاسکے۔ حکام نے یقین دلایا ہے کہ تمام اطلاعات مکمل رازداری کے ساتھ موصول کی جائیں گی اور اطلاع دینے والوں کے خلاف کوئی قانونی کارروائی نہیں کی جائے گی۔ واضح رہے کہ سعودی وزارت داخلہ نےآج ایک پاکستانی شہری کو سزائے موت دینے کا بھی اعلان کیا ہے جو ہیروئن اسمگلنگ میں ملوث تھا ۔ سعودی میڈیا کے مطابق وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ مکہ مکرمہ میں مقیم پاکستای شہری محمد احمد نذیر شعبان نے ہیروئن اسمگلنگ میں ملوث تھا ۔ سیکیورٹی حکام نے ملزم کو گرفتار کر لیا اور بعد ازاں کی گئی تحقیقات کے نتیجے میں اس پر جرم کا فرد جرم عائد کیا گیا۔ ملزم کو متعلقہ عدالت میں پیش کیا گیا جہاں وہ اپنے اوپر لگائے گئے الزامات میں قصوروار ٹھہرا، اور تعزیر کے طور پر سزائے موت سنائی گئی۔سعودی سپریم کورٹ کی جانب سے فیصلے کی توثیق کر دی گئی، جس کے بعد یہ فیصلہ حتمی ہو گیا۔ شریعت کے مطابق سزا پر عمل درآمد کے لیے ایک شاہی حکم جاری کیا گیا اور مجرم محمد احمد نذیر شعبان کوسزائے موت دینے کا عمل اتوارکے رووز مکہ ریجن میں مکمل کیا گیا۔