تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 اکتوبر 2026ء) ایران کی فوج نے اپنے فضائی دفاعی نظام کے ذریعے جنوبی ایران کے ساحلی شہر بندر عباس کے اوپر ایک امریکی ڈرون مار گرانے کا دعویٰ کردیا۔ ایرانی میڈیا کے مطابق ایران کی فوج کے مربوط فضائی دفاعی نیٹ ورک نے جنوبی ساحلی شہر بندر عباس کے اوپر انتہائی حساس کارروائی کرتے ہوئے امریکی فوج کے 'لوکاس' نامی خودکش ڈرون کو کامیابی کے ساتھ نشانہ بنا کر فضا میں ہی تباہ کر دیا، یہ ڈرون اتوار کے روز بندر عباس کی فضائی حدود میں پرواز کر رہا تھا جسے ایرانی دفاعی نظام نے بروقت شناخت کرتے ہوئے ملبے کا ڈھیر بنا دیا۔ A US LUCAS drone was shot down over Bandar Abbas by Iran’s Army air defense systems.Follow: https://t.co/oa9JV4iSOo pic.twitter.com/dLso8d1peH— Press TV 🔻 (@PressTV) October 25, 2026 بین الاقوامی میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ تباہ ہونے والا یہ امریکی خودکش ڈرون دراصل ایرانی ساختہ مشہورِ زمانہ شاہد ڈرون کی ٹیکنالوجی سے متاثر ہو کر تیار کیا گیا تھا، جس کا اس طرح نشانہ بننا عسکری ماہرین کے نزدیک ایک اہم اور معنی خیز واقعہ ہے، ایران کی جانب سے امریکی ڈرون کو مار گرانے کا یہ دعویٰ ایک ایسے انتہائی حساس وقت میں سامنے آیا ہے جب تہران اور واشنگٹن کے درمیان سیاسی و عسکری محاذ پر شدید تناؤ پایا جا رہا ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ یہ ڈرون گرائے جانے کا واقعہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس دھمکی آمیز بیان کے محض چند گھنٹوں بعد رپورٹ ہوا ہے جس میں انہوں نے ایران کے خلاف کسی بھی وقت ممکنہ براہِ راست فوجی کارروائی کرنے کے واضح اشارے دیئے تھے، اس سے قبل بھی ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کے قریب متعدد امریکی سمندری اور فضائی ڈرونز کو نشانہ بنانے کے واقعات سامنے آ چکے ہیں جو دونوں حریف ممالک کے درمیان بڑھتی ہوئی دشمنی کی عکاسی کرتے ہیں۔ دوسری جانب امریکی جریدے بلومبرگ نے اپنی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ امریکہ نے ایران کے خلاف بڑے پیمانے پر نئے حملوں کی بھرپور تیاریاں شروع کر دی ہیں، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ 27 اکتوبر کو اسرائیل کے دورے کے بعد اور 3 نومبر کو امریکہ میں ہونے والے مڈٹرم انتخابات کے فوراً بعد ایران کے خلاف فیصلہ کن اور بڑے حملے کرنے کا حکم صادر کر سکتے ہیں، امریکہ پہلے ہی خطے میں اپنی فوجی طاقت میں اضافہ کرتے ہوئے اپنا تیسرا طیارہ بردار بحری بیڑہ اور مزید 10 ہزار میرینز مشرقِ وسطیٰ کی جانب روانہ کر چکا ہے تاکہ جنگی تیاریوں کو حتمی شکل دی جائے۔