سعودی اتحادی افواج کا یمن میں حوثیوں کے خلاف بڑا فوجی آپریشن، متعدد ٹھکانے تباہ کرنے کا دعویٰ
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 اکتوبر 2026ء) یمن میں کشیدگی میں ایک بار پھر شدید اضافہ ہو گیا ہے جہاں سعودی عرب کی قیادت میں برسرِ پیکار اتحادی افواج نے حوثی گروپ کے خلاف ایک بڑا اور فیصلہ کن فوجی آپریشن کرتے ہوئے

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 اکتوبر 2026ء) یمن میں کشیدگی میں ایک بار پھر شدید اضافہ ہو گیا ہے جہاں سعودی عرب کی قیادت میں برسرِ پیکار اتحادی افواج نے حوثی گروپ کے خلاف ایک بڑا اور فیصلہ کن فوجی آپریشن کرتے ہوئے متعدد عسکری تنصیبات تباہ کرنے کا دعویٰ کردیا۔ العربیہ نیوز کے مطابق اتحادی افواج کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے بتایا ہے کہ حالیہ کارروائیوں کے دوران حوثیوں کے عسکری ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچایا گیا ہے اور ان کے اہم تنصیبات و اثاثوں کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا ہے، حالیہ فضائی اور زمینی کارروائیوں کا بنیادی مقصد خطے میں حوثیوں کی عسکری صلاحیتوں کو محدود کرنا اور ان کے ذریعے ہونے والے حملوں کا مؤثر جواب دینا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آپریشن کے دوران حوثیوں کے بیلسٹک میزائلوں کو ذخیرہ کرنے کے لیے استعمال ہونے والی کم از کم 5 خفیہ سرنگوں کو مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا ہے، اس کے علاوہ کارروائیوں میں حوثی ملیشیا کے 4 جدید میزائل لانچرز اور ایک بڑا میزائل ڈپو بھی نذرِ آتش کر دیا گیا ہے، اتحادی افواج نے یمن کے اندر حوثیوں کی سپلائی لائنز کو بھی سخت ترین نشانہ بنایا ہے۔ 🔴 Saudi-led coalition carried out qualitative military operation to neutralize Houthi threats following repeated missile, drone attacks targeting civilians in Saudi Arabia and Yemen, Maj. Gen. Turki al-Malki says🔴 The operation destroyed five missile-storage tunnels, four… pic.twitter.com/gwcxR4fGcO— Al Arabiya English (@AlArabiya_Eng) October 26, 2026 اتحادی افواج کے ترجمان اور رائل سعودی ایئر فورس کے افسر میجر جنرل ترکی المالکی کا کہنا ہے کہ فضائی حملوں میں حوثیوں کے فوجی ٹھکانوں، مورچوں، عسکری سازوسامان اور فرنٹ لائنز پر موجود ان کے اجتماعات کو ہدف بنایا گیا، جس سے عسکریت پسندوں کو بھاری جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے، اس کارروائی کا مقصد محاذِ جنگ پر ان کے جنگجوؤں تک اسلحہ، رسد اور عسکری سازوسامان کی فراہمی کو روکنا ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ یہ کارروائیاں ایسے وقت میں کی گئی ہیں جب حالیہ دنوں میں سعودی عرب اور یمن کے مختلف علاقوں پر حوثیوں کی جانب سے مسلسل ڈرون اور بیلسٹک میزائل حملے کیے گئے تھے، جن کے نتیجے میں شہری آبادی اور تنصیبات کو خطرات لاحق ہوئے تھے، اتحادی ترجمان نے دوٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ مملکت اور خطے کے امن و سلامتی کو سبوتاژ کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی، شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور انفراسٹرکچر کا دفاع اولین ترجیح ہے، جب تک حوثیوں کی جانب سے جارحیت کا سلسلہ مکمل طور پر بند نہیں ہوتا، اتحادی افواج اپنی کارروائیاں بھرپور عزم کے ساتھ جاری رکھیں گی۔



