آج ایران پر کوئی حملہ نہیں ہوگا، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واضح اعلان کر دیا
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 اکتوبر 2026ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر آج کسی بھی قسم کے امریکی فوجی حملے کا امکان مسترد کر دیا، ان کا تازہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب گزشتہ روز انہوں نے ایران کیخلاف

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 اکتوبر 2026ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر آج کسی بھی قسم کے امریکی فوجی حملے کا امکان مسترد کر دیا، ان کا تازہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب گزشتہ روز انہوں نے ایران کیخلاف نئی فوجی کارروائی جلد شروع کرنے کا عندیہ دیا تھا، جس کے بعد مشرق وسطیٰ میں کشیدگی مزید بڑھنے کے خدشات پیدا ہوگئے تھے۔ بین الاقوامی نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق اتوار کو وائٹ ہاؤس سے روانگی کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ سے پوچھا گیا کہ کیا امریکہ آج ایران پر دوبارہ حملے شروع کر سکتا ہے؟ اس پر انہوں نے واضح جواب دیا کہ نہیں، آج کوئی حملہ نہیں ہوگا۔ امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس اور اسرائیلی اخبار ٹائمز آف اسرائیل نے بھی صدر ٹرمپ کے اس بیان کی تصدیق کی ہے، تاہم امریکی صدر نے یہ واضح نہیں کیا کہ آیا ایران کیخلاف مستقبل میں کسی فوجی کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے یا نہیں۔ گزشتہ روز ایران پر جلد حملے کا عندیہ دیا تھا صدر ٹرمپ کے تازہ بیان کو گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ان کے مؤقف میں اہم تبدیلی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، ہفتے کے روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے عندیہ دیا تھا کہ ایران کیخلاف نئی فوجی کارروائی جلد شروع ہوسکتی ہے۔ جب ان سے ممکنہ حملے کے وقت کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا تھا کہ شاید اگلے ہی روز کارروائی ہو، تاہم ساتھ ہی یہ بھی واضح کیا تھا کہ وہ کسی فوجی منصوبے کے وقت کا پیشگی اعلان نہیں کریں گے، ٹرمپ نے اس موقع پر ایران کے ساتھ ایک بڑے معاہدے کا امکان بھی ظاہر کیا تھا اور کہا تھا کہ واشنگٹن کے سامنے فوجی کارروائی اور سفارتی حل دونوں راستے موجود ہیں۔ ایران سے معاہدہ یا مزید فوجی کارروائی؟ اتوار کو نشر ہونے والے فاکس نیوز کے ایک انٹرویو میں بھی صدر ٹرمپ نے ایران کے حوالے سے سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے سامنے بنیادی سوال یہ ہے کہ تہران کے ساتھ معاہدہ کیا جائے یا اس کیخلاف مزید کارروائی کی جائے، امریکی صدر کا کہنا تھا کہ واشنگٹن ایران کے ساتھ کسی معاہدے کے امکان پر غور کر رہا ہے، لیکن تہران کے رویے اور ممکنہ معاہدے پر عمل درآمد کے بارے میں سوالات برقرار ہیں۔ دوسری جانب ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے امریکہ پر مذاکرات میں رکاوٹ ڈالنے کا الزام عائد کیا ہے، ایران کا مؤقف ہے کہ وہ سفارتی حل کیلئے تیار ہے، تاہم مذاکرات دباؤ اور فوجی دھمکیوں کے ماحول میں آگے نہیں بڑھ سکتے۔ امریکہ نے 3 نومبر کے انتخابات سے پہلے حملہ نہ کرنے کا اعلان کیا تھا واضح رہے کہ صدر ٹرمپ نے 8 اکتوبر کو بھی اعلان کیا تھا کہ امریکہ 3 نومبر کو ہونے والے وسط مدتی کانگریسی انتخابات سے پہلے ایران پر کوئی نیا حملہ نہیں کرے گا، خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ٹرمپ نے اس وقت اپنے سوشل میڈیا بیان میں کہا تھا کہ امریکہ اور ایران کے درمیان بات چیت جاری ہے اور انتخابات سے پہلے ایران پر حملہ نہیں کیا جائے گا۔ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی برقرار ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی کے باعث خلیجی ممالک میں سلامتی اور توانائی کی ترسیل سے متعلق خدشات برقرار ہیں، آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں کی نقل و حرکت اور خطے کی تیل تنصیبات کی سلامتی بھی بین الاقوامی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے، امریکہ اور ایران کے درمیان جاری تنازع کے خاتمے کیلئے سفارتی رابطوں کی کوششیں بھی جاری ہیں۔ جب کہ پاکستان اور قطر سمیت مختلف ممالک کشیدگی کم کرانے کیلئے سفارتی کردار ادا کر رہے ہیں، صدر ٹرمپ کی جانب سے آج حملہ نہ کرنے کا اعلان فوری طور پر فوجی کارروائی کے خدشات میں کمی کا اشارہ ضرور ہے، تاہم مستقبل میں حملے کے امکان، مذاکرات کے نتائج اور خطے میں امریکی فوجی حکمت عملی کے بارے میں صورتحال اب بھی غیر یقینی ہے۔



