مکہ مکرمہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 اکتوبر 2026ء) سعودی عرب کے دفاعی نظام نے حرمین شریفین اور گردونواح کے گنجان آباد علاقوں پر حملہ کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے حوثی ملیشیاء کی جانب سے فائر کیے گئے 2 بیلسٹک میزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کردیا، تاہم میزائلوں کا ملبہ مکہ مکرمہ، جدہ، طائف اور رابغ کے مختلف علاقوں میں گرا ہے۔ سعودی عرب کے ادارے سول ڈیفنس کے ترجمان نے بیان جاری کرتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ سعودی ایئر ڈیفنس فورسز نے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے علاقوں کو نشانہ بنانے کے لیے داغے گئے دو بیلسٹک میزائلوں کا فضاء میں ہی کامیابی سے سراغ لگایا اور انہیں آبادی تک پہنچنے سے پہلے ہی فضاء میں ہدف بنا کر تباہ کردیا۔ #الدفاع_المدني : سقوط شظايا اعتراض صاروخين باليستيين أطلقتهما الميليشيا الحوثية الإرهابية باتجاه منطقتي مكة المكرمة والمدينة المنورة. pic.twitter.com/gV1ix7H29e— الدفاع المدني السعودي (@SaudiDCD) October 24, 2026 ترجمان کا کہنا ہے کہ فضا میں تباہ کیے جانے کی اس کارروائی کے نتیجے میں دونوں بیلسٹک میزائلوں کا ملبہ مختلف حصوں میں تقسیم ہو کر متعدد اضلاع اور گورنریز میں گرا، ملبے کے اجزاء اور کچھ ٹکڑے مکہ مکرمہ کے علاقے وادی المغمس میں گرے، اس کے علاوہ دفاعی کارروائی کے دوران تباہ ہونے والے میزائلوں کا بقایا ملبہ جدہ گورنری کے حی النزہۃ، طائف گورنری کی وادی جلیل اور رابغ گورنری کے مرکز مستورہ میں بھی گرا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ واقعے کے فوری بعد سعودی سول ڈیفنس اور سلامتی کے اداروں کی ٹیمیں تمام متاثرہ مقامات پر پہنچ گئیں، حکام کا کہنا ہے کہ اس طرح کی ہنگامی اور غیر معمولی صورتحال سے نمٹنے کے لیے طے شدہ اور منظور شدہ حفاظتی تدابیر پر فوری اور مکمل طور پر عمل درآمد یقینی بنایا گیا ہے تاکہ شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے، سکیورٹی فورسز نے ملبہ جمع کرنے کے ساتھ ساتھ متعلقہ علاقوں کو کلیئر کردیا ہے۔