کویت سٹی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 اکتوبر 2026ء) کویت کی کریمنل کورٹ نے ہیروئن اسمگلنگ کیس میں فیصلہ سناتے ہوئے ایک ایشیائی باشندہ کو سزائے موت سنادی ۔ کویتی میڈیا کے مطابق فوجداری عدالت نے ہیروئن کی اسمگلنگ اور کسٹمز قوانین کی خلاف ورزی کے جرائم میں ایک ایشیائی باشندہ کو سزائے موت سنائی ہے۔ ملزم نے اعتراف کیا کہ اس کی ملاقات ایک دوسرے ایشیائی باشندہ سے ہوئی تھی، جس کے ساتھ اس نے منشیات کو ریاست کویت میں لانے کا معاہدہ کیا تھا۔ اس معاہدے پر عمل درآمد کرتے ہوئے، ملزم نے ہیروئن کو کویت میں اسمگل کرنے کے ارادے سے کئی بار اسے ملک کے اندر پہنچایا۔ واضح رہےکہ کویت کی عدالت نےروان ہفتے دو غیرملکیوں کو سات سال قید کی سزا سنائی تھی ،جو جعلی ویپ سائٹس اور سوشل میڈیا کے ذریعے لوگوں کو لوٹنے میں ملوث تھے ۔ کویتی میڈیا کے مطابق کریمنل نےدو غیر ملکی باشندوں کو سات سال قید کی سزا سنائی ہے،جو جعلی ویپ سائٹس کے ذریعے لوگوں کو دھوکہ دینے اور ان سے پیسے لوٹنے میں ملوث تھے ۔ میڈیا کے مطابق عدالت نے اس دھوکے میں ملوث دو کمپنیوں پر مجموعی طور پر 61,000 کویتی دینار جرمانہ بھی عائد کیاہے۔ کویتی پبلک پراسیکیوشن نے ملزمان پر الزام عائد کیا تھا کہ انہوں نے ایسی جعلی ویب سائٹس کے صارفین کی رقوم خرد برد کیں، جو ٹیلی کمیونیکیشن کمپنیوں اور سرکاری اداروں کا روپ دھارے ہوئے تھیں۔۔ انہوں نے ان میں سے کچھ کارڈز کا ڈیٹا فریق ثالث کو بھی فروخت کیا، جنہوں نے اس معلومات کا استعمال کرتے ہوئے دھوکہ دہی پر مبنی لین دین کیے۔ گروہ کے افراد نے ان کارروائیوں سے حاصل ہونے والی رقوم جمع کرنے کے لیے ٹیلی کمیونیکیشن کے شعبے سے وابستہ ایک کمپنی کے فراہم کردہ ڈیجیٹل والٹس کا استعمال کیا، اور اپنے منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کے لیے الیکٹرانک ادائیگی کے طریقوں سے ناجائز فائدہ اٹھانے کی کوشش بھی کی۔