دوحہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 اکتوبر 2026ء) دنیا میں مائع قدرتی گیس (LNG) برآمد کرنے والے بڑے ممالک میں شامل قطر نے امریکہ سے گیس خریدنے کیلئے ایک طویل المدتی معاہدہ کر لیا ہے، جس کے تحت قطر کی سرکاری توانائی کمپنی قطر انرجی سالانہ زیادہ سے زیادہ 40 لاکھ ٹن امریکی ایل این جی خریدے گی، معاہدے کے تحت گیس کی فراہمی 2031 میں شروع ہونے اور 2054 تک جاری رہنے کی توقع ہے۔ قطر انرجی کی جانب سے 22 اکتوبر کو جاری کردہ سرکاری اعلامیے کے مطابق امریکی توانائی کمپنی چینیئر انرجی (Cheniere Energy) کے ساتھ 2 الگ الگ معاہدوں پر دستخط کیے گئے ہیں، ان معاہدوں کے تحت امریکی ریاست لوزیانا میں واقع سبین پاس اور ریاست ٹیکساس میں واقع کارپس کرسٹی کے ایل این جی منصوبوں سے گیس حاصل کی جائے گی۔ قطر خود گیس کا بڑا برآمد کنندہ ہے، پھر امریکہ سے خریدنے کی ضرورت کیوں پیش آئی؟ قطر دنیا کے اہم ترین ایل این جی برآمد کنندگان میں شمار ہوتا ہے اور ایشیا و یورپ سمیت متعدد خطوں کو قدرتی گیس فراہم کرتا ہے، تاہم امریکی کمپنی کے ساتھ ہونے والے نئے معاہدے کا مقصد صرف قطر کی مقامی ضروریات پوری کرنا نہیں بلکہ عالمی منڈی میں قطر انرجی کی گیس کی خرید و فروخت اور سپلائی کے ذرائع کو مزید متنوع بنانا بھی ہے۔ قطر کے وزیر مملکت برائے توانائی امور اور قطر انرجی کے صدر و چیف ایگزیکٹو سعد بن شریدہ الکعبی نے معاہدے کو کمپنی کی ایل این جی حکمت عملی میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا، ان کا کہنا ہے کہ امریکی گیس کی اضافی مقدار قطر انرجی کے موجودہ ذخیرۂ سپلائی کو مزید مضبوط بنائے گی اور کمپنی کو دنیا بھر میں اپنے صارفین کی بدلتی ضروریات پوری کرنے میں مدد دے گی۔ امریکہ سے سالانہ 40 لاکھ ٹن گیس، معاہدے کی تفصیلات سامنے آگئیں امریکی کمپنی چینیئر انرجی کے مطابق دونوں معاہدوں کے تحت سالانہ 20 لاکھ ٹن ایل این جی سبین پاس اور مزید 20 لاکھ ٹن کارپس کرسٹی سے حاصل کی جائے گی، گیس کی قیمت امریکی ہنری ہب قدرتی گیس کے اشاریے سے منسلک ہوگی، جس میں ایک مقررہ فیس شامل کی جائے گی۔ کمپنی نے واضح کیا ہے کہ سبین پاس سے فراہم کی جانے والی سالانہ 10 لاکھ ٹن گیس مجوزہ توسیعی منصوبے سے متعلق حتمی سرمایہ کاری کے فیصلے سے مشروط ہے، معاہدوں پر قطر انرجی کے سربراہ سعد بن شریدہ الکعبی اور چینیئر انرجی کے چیئرمین و چیف ایگزیکٹو جیک فوسکو نے دستخط کیے۔ علاقائی کشیدگی اور توانائی کی عالمی تجارت پر اثرات یہ معاہدہ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور آبنائے ہرمز سے بحری آمدورفت میں رکاوٹوں نے توانائی کی عالمی سپلائی کے حوالے سے خدشات پیدا کیے ہیں، قطر کی ایل این جی برآمدات کیلئے خلیجی سمندری راستے انتہائی اہم ہیں، جبکہ امریکہ سے حاصل ہونے والی گیس کمپنی کو خلیج سے باہر بھی سپلائی کا ایک اضافی ذریعہ فراہم کرے گی۔ توانائی کی عالمی منڈی میں اس معاہدے کو اس لیے بھی اہم قرار دیا جا رہا ہے کہ قطر روایتی طور پر ایل این جی فروخت کرنے والا ملک ہے، لیکن اب وہ اپنی بین الاقوامی تجارتی سرگرمیوں کیلئے امریکی پیداوار بھی خریدے گا، قطر انرجی کے مطابق یہ معاہدے قدرتی گیس کی عالمی توانائی کے نظام میں طویل المدتی اہمیت پر کمپنی کے اعتماد کی عکاسی کرتے ہیں۔