دبئی میں لوگوں کے بینک کارڈز کی معلومات حاصل کرکے ان کے اکاونٹس سے پیسے نکلوانے والا گروہ گرفتار
دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 اکتوبر 2026ء) دبئی پولیس نے ایک گروہ کو گرفتار کیا ہے،جو لوگوں کے بینک کارڈز کی معلومات حاصل کرکے ان کے اکاونٹس سے پیسے نکلواتے تھے ۔ اماراتی میڈیا کے مطابق دبئی میں کام کرنے والی ای

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 اکتوبر 2026ء) دبئی پولیس نے ایک گروہ کو گرفتار کیا ہے،جو لوگوں کے بینک کارڈز کی معلومات حاصل کرکے ان کے اکاونٹس سے پیسے نکلواتے تھے ۔ اماراتی میڈیا کے مطابق دبئی میں کام کرنے والی ایک ملازمہ اس وقت حیران رہ گئی جب اسے ایسے ٹیکسٹ پیغامات موصول ہوئے جن سے ظاہر ہوتا تھا کہ اس کے بینک اکاؤنٹ سے بڑی رقوم نکالی گئی ہیں،حالانکہ اس نے نہ تو اپنا فون استعمال کیا تھا اور نہ ہی کوئی خریداری کی تھی۔ تحقیقات کے نتیجے میں ایک چھ رکنی گروہ کا انکشاف ہوا جس نے ایک جعلی ویب سائٹ کے ذریعے بینک کارڈ کی تفصیلات حاصل کیں، اور پھر ان کا استعمال کرتے ہوئے خریداری کی اور رقوم کو ڈیجیٹل والیٹس میں منتقل کیا۔ دبئی پولیس کی جنرل کمانڈ نے اس گروہ کے تمام افراد کو گرفتار کرنے کا اعلان کیا۔ یہ گروہ اپنے شکار افراد کے بینک کارڈ کی معلومات حاصل کر کے مالکان کی لاعلمی یا رضامندی کے بغیر ان کے کھاتوں سے رقوم نکلوانے یا منتقل کرنے کی وارداتیں کرتا تھا۔ دبئی پولیس نے بتایا کہ گروہ کے افراد نے متاثرین کے بینک کارڈز سے غیر قانونی طور پر حاصل کی گئی رقوم وصول کرنے کے لیے ڈیجیٹل والٹس اور بینک اکاؤنٹس قائم کیےتھے۔ انہوں نے ان میں سے کچھ کارڈز کا ڈیٹا فریق ثالث کو بھی فروخت کیا، جنہوں نے اس معلومات کا استعمال کرتے ہوئے دھوکہ دہی پر مبنی لین دین کیے۔ گروہ کے افراد نے ان کارروائیوں سے حاصل ہونے والی رقوم جمع کرنے کے لیے ٹیلی کمیونیکیشن کے شعبے سے وابستہ ایک کمپنی کے فراہم کردہ ڈیجیٹل والٹس کا استعمال کیا، اور اپنے منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کے لیے الیکٹرانک ادائیگی کے طریقوں سے ناجائز فائدہ اٹھانے کی کوشش بھی کی۔ حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ایسے واقعات سے بچنے کے لئے اپنے بینک اکاونٹس کے خفیہ معلومات کسی کو بھی نہ دے۔



