لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 اکتوبر 2026ء) پاکستانی نژاد معروف برطانوی ہارٹ سرجن ڈاکٹر آصف حسن کو بچوں کے دل کی پیچیدہ بیماریوں کے علاج اور ہزاروں زندگیاں بچانے کیلئے 2026 کے پرائیڈ آف برطانیہ ایوارڈز میں لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نواز دیا گیا۔ برطانیہ کے نیشنل ہیلتھ سروس (NHS) کے مطابق ڈاکٹر آصف حسن نے اپنے طویل طبی کیریئر میں 4,000 سے زیادہ اوپن ہارٹ آپریشنز کیے، جن میں تقریباً 3,000 آپریشنز میں وہ مرکزی سرجن تھے۔ انہوں نے 3 دہائیوں سے زیادہ عرصہ نیوکاسل کے فری مین ہسپتال میں خدمات انجام دیں اور بچوں کی ہارٹ سرجری اور ٹرانسپلانٹ کے شعبے میں نمایاں مقام حاصل کیا۔ ایوارڈ تقریب میں 19 بچوں نے سرجن کو جذباتی سرپرائز دے دیا برطانوی اخبار ڈیلی مرر کے مطابق ایوارڈ تقریب کے دوران ڈاکٹر آصف حسن کو اس وقت ایک جذباتی سرپرائز دیا گیا جب ان کے 19 سابق مریض اسٹیج پر آگئے۔