ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 اکتوبر 2026ء) محکمہ انسداد منشیات نے حائل میں مقیم ایک پاکستانی شہری کو گرفتار کرلیا ہے،جس پر منشیات فروخت کرنے کا الزام ہے ۔ سعودی اخبار السبق کے مطابق جنرل ڈائریکٹوریٹ فار نارکوٹکس کنٹرول نے ریاض کے علاقے سے ایک سعودی شہری اور حائل کے علاقے سے ایک پاکستانی شہری کو گرفتار کیا ہے، دونوں ملزمان منشیات اور غیرقانونی ادویات کی فروخت میں ملوث تھے۔ محکمۃ انسداد منشیات کے مطابق ریاض شہر میں ایک شہری کو 4 کلو گرام چرس کے ساتھ ساتھ نشہ آور گولیاں اور نشہ آور مادہ ایمفیٹامائن فروخت کرنے پر گرفتار کیا گیا،جبکہ پاکستانی شہری کو 1.2 کلو گرام نشہ آور مادہ میتھامفیٹامائن کی فروخت کرنے پر گرفتار کیا گیا۔ جنرل ڈائریکٹوریٹ فار نارکوٹکس کنٹرول نے تصدیق کی کہ دونوں افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے، ان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ انہیں مزید قانونی کارروائی کے لیے پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کر دیا گیا ہے۔سیکیورٹی حکام نے تمام شہریوں اور رہائشیوں پر زور دیا ہے کہ وہ منشیات کی اسمگلنگ یا تقسیم کی سرگرمیوں سے متعلق کوئی بھی اطلاع متعلقہ اداروں کو دیں۔ ڈائریکٹوریٹ نے اس بات پر زور دیا ہے کہ موصول ہونے والی تمام اطلاعات کو مکمل صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔ واضح رہے کہ رواں ہفتے سعودی حکام نے شرقیہ ریجن میں تین افراد کو گرفتار کرنے کا اعلان کیا تھا،جن پر منشیات فروخت کرنے کا الزام ہے ۔ سعودی میڈیا کے مطابق شرقیہ کے علاقے میں مجاہدین فورسز کی جنرل ایڈمنسٹریشن کے گشت کرنے والوں نوجوانوں نے تین افراد کو منشیات کی تقسیم میں ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔ ملزمان کو حراست میں لے کر ان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی۔ انہیں مزید ضروری کارروائی کے لیے مجاز اتھارٹی کے پاس بھیج دیا گیا ہے۔