میککے (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 22 اگست 2026ء ) آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے پہلے روز بنگلہ دیشی ٹیم کی بیٹنگ لائن اپ مکمل فلاپ ہوگئی اور 34 اوورز کا سامنا کرتے ہوئے پوری ٹیم صرف 64 رنز پر آؤٹ ہوگئی ہے۔ آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا جس کے بعد مچل اسٹارک نے تباہ کن باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 10 اوورز میں 12 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے میچ کی پہلی ہی گیند پر شادمان اسلام کو آؤٹ کرکے بنگلہ دیشی بیٹنگ کی تباہی کی بنیاد رکھی۔ کپتان پیٹ کمنز نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ جوش ہیزل ووڈ نے ایک وکٹ اپنے نام کی۔ بنگلہ دیش کے ٹاپ آرڈر کی حالت انتہائی خراب رہی، شادمان اسلام، تنزید حسن، کپتان نجم الحسن شانتو اور لٹن داس بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ شریف لاسلام نے سب سے زیادہ 14 رنز بنائے اور آخری وکٹ کے لیے25 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کا مجموعہ 64 تک پہنچایا۔ اس کے جواب میں آسٹریلیا نے بھی اپنی پہلی اننگز کا آغاز مشکلات سے کیا اور ابتدائی وکٹیں گنوا دیں۔ دن کے اختتام پر آسٹریلیا نے 8 وکٹوں پر 165 رنز بنالیے، بنگلہ دیش کی جانب سے شوریف الاسلام نے 6 کھلاڑی آئوٹ کیے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ متیاہ مرلی دھرن، وقار یونس، روی ایشون، شین بانڈ، جواگال سری ناتھ، میٹ ہنری، اینڈریو فلنٹوف، رویندرا جدیجا، نیل ویگنر، کیمار روچ، شاہین آفریدی، عرفان پٹھان، یاسر شاہ، ہربھجن سنگھ، کرس ووکس، اولی رابنسن، ایشانت شرما اور جیسن ہولڈر سمیت کئی دوسرے کھلاڑیوں نے کبھی بھی آسٹریلیا میں ایک ٹیسٹ اننگز میں پانچ کھلاڑیوں کو آئوٹ نہیں کیا۔ شوریف الاسلام نے آسٹریلیا میں اپنی پہلی ہی ٹیسٹ اننگز میں یہ کارنامہ انجام دیا۔ شوریف الاسلام 1990ء میں وسیم اکرم کے بعد آسٹریلیا کے اپنے پہلے ہی دورے کے دوران 6 وکٹیں لینے والے بائیں ہاتھ کے پہلے پیسر ہیں۔ وسیم اکرم اور شوریفل دونوں نے آسٹریلیا میں اپنی پہلی ٹیسٹ اننگز میں 6،6 وکٹیں لیں۔ واضح رہے کہ دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں بنگلہ دیش نے آسٹریلیا کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر تاریخ رقم کی تھی۔