ہسپانوی ٹینس سٹار کارلوس الکاراز4 ماہ کی عدم دستیابی کے بعد یو ایس اوپن میں واپسی کے لیے تیار
نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2026ء) سپین کے شہرہ آفاق ٹینس سٹار اور دفاعی چیمپئن کارلوس الکاراز کلائی کی چوٹ کی وجہ سے 4 ماہ تک ٹینس سے دور رہنے کے بعد یو ایس اوپن میں واپسی کے لیے تیار ہیں۔بی

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2026ء) سپین کے شہرہ آفاق ٹینس سٹار اور دفاعی چیمپئن کارلوس الکاراز کلائی کی چوٹ کی وجہ سے 4 ماہ تک ٹینس سے دور رہنے کے بعد یو ایس اوپن میں واپسی کے لیے تیار ہیں۔بی بی سی کے مطابق 23 سالہ ہسپانوی ٹینس سٹار کارلوس الکاراز نے جنوری میں رواں سال کاپہلا گرینڈ سلام آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ جیت کر چاروں گرینڈ سلام کا اعزاز حاصل کرنے والے سب سے کم عمر کھلاڑی کا اعزاز اپنے نام کیا تھا، تاہم اپریل میں بارسلونا اوپن کے دوران دائیں کلائی میں چوٹ لگنے کے بعد سے وہ کسی مقابلے کا حصہ نہیں بنے ہیں۔ کارلوس الکاراز کی واپسی کی خبر فٹبال سے متعلق معلومات فراہم کرنے والے صحافی فیبریزیو رومانو کے ساتھ انسٹاگرام کی ایک مشترکہ پوسٹ میں شیئر کی گئی۔ مینز سنگلز کے علاوہ امکان ہے کہ 7 بار کے گرینڈ سلام چیمپئن کارلوس الکاراز یو ایس اوپن سے قبل مکسڈ ڈبلز کے مقابلے میں بھی شرکت کریں گے، جس کے لیے 3 وائلڈ کارڈز کی جگہ باقی ہے۔میگا ایونٹ نہ کھیلنے کی وجہ سے کارلوس الکاراز رینکنگ میں نمبر 2 سے محروم ہو چکے ہیں اور ان کی جگہ جرمن ٹینس سٹار الیگزینڈر زیوروف دوسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں جبکہ اٹلی کے نامور ٹینس سٹار جینک سنر عالمی رینکنگ میں پہلے نمبر پر براجمان ہیں۔ کارلوس الکاراز نے 19 برس کی عمر میں 2022 میں اپنا پہلا یو ایس اوپن ٹائٹل جیتا تھا اور گزشتہ سال جینک سنر کو شکست دے کر اپنے اعزاز کا کامیاب دفاع کیا تھا۔ یو ایس اوپن کا سنگلز ایونٹ 30 اگست سے نیویارک میں شروع ہو گا۔



