سکردو (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 21 اگست 2026ء ) پاکستانی نوجوان ٹریول وی لاگر اور کوہ پیما اسما مشتاق اسپانٹک کی مہم جوئی کے دوران انتقال کرگئیں۔ 7 فروری 1992ء کو پیدا ہونے والی اسما مشتاق کو مہم جوئی، پہاڑوں اور قدرتی مناظر سے گہری محبت کے باعث کوہ پیمائی کی کمیونٹی میں پہچانا جاتا تھا۔ اسما حال ہی میں پاکستان کے قراقرم پہاڑی سلسلے میں واقع 7 ہزار 27 میٹر بلند اسپانٹک چوٹی سر کرنے کے لیے مہم کا حصہ بنیں۔ رپورٹس کے مطابق اسما نے اپنے گائیڈ علی اکبر کے ہمراہ کامیابی سے اسپانٹک کی چوٹی سر کی اور اس وقت ان کی صحت بہتر تھی تاہم چوٹی سے واپسی کے دوران انہیں مبینہ طور پر بلند مقام کی بیماری (ہائی آلٹی ٹیوڈ سکنس) کا سامنا کرنا پڑا، گائیڈ نے انہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کی تاہم وہ جانبر نہ ہوسکیں۔