لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2026ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کے تحت فیصل آباد ریجن کا انتخابی عمل مکمل ہوگیا ، فیصل آباد ریجن میں رانا انیس گروپ نے میدان مار لیا۔رانا انیس گروپ کے سردار عاصم محمود 15ووٹ لے کر صدر منتخب ہوگئے ۔ سردار عاصم کے مد مقابل اعجاز فاروق نو ووٹ لے سکے ۔ رانا انیس گروپ عدنان حسین 15ووٹ لے کر سیکرٹری منتخب ہوگئے۔ عدنان حسین کے مد مقابل در اقبال کو آٹھ ووٹ ملے ۔ گروپ لیڈر رانا انیس احمد خان نے کامیاب امیدوران کو مبارکباد دی ۔ رانا انیس گروپ کے رہنمائوں جلال اکبر،حسیب اللہ شاہد،طاہر ستار نیازی،رانا زاہد، پیر طارق جیلانی ،مغیث اور دیگر نے بھی منتخب عہدیداران کو مبارکباد دی ۔ نومنتخب صدر سردار عاصم محمود نے کہا کہ فیصل آباد ریجن میں بلا تفریق کرکٹ کا فروغ ہماری ترجیح ہے۔ کھیل کے فروغ کے لیے میرٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ سیکرٹری عدنان حسین نے کہا کہ کلب کی سطح پر کرکٹ کو مضبوط بنانا ہماری ترجیح ہے۔