لیڈز (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 20 اگست 2026ء) انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان جاری لیڈز ٹیسٹ میں انوکھا واقعہ پیش آیا جہاں گیند کو درمیان سے کاٹ کر 2 حصوں میں تقسیم کر دیا گیا۔ لیڈز ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں پاکستان کو 171 رنز پر آؤٹ کرنے کے بعد انگلینڈ ٹیم نے گیند کے 2 ٹکڑے کر دیے۔ ٹیسٹ میچ کی اننگز کے بعد گیند کے 2 ٹکڑے کرنے کی انوکھی مثال قائم ہوگئی۔ دراصل پاکستان کے خلاف پہلی اننگز میں انگلینڈ کے فاسٹ بولر اولی رابنسن اور جوش ٹنگ نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 5،5 وکٹیں حاصل کیں۔ ایک اننگز میں 2 بولرز کا 5،5 وکٹیں لینا کم دیکھنے کو ملتا ہے۔ عام طور پر ایک اننگز میں 5 یا اس سے زیادہ وکٹیں لینے والا بولر ہی میچ کی گیند کو یادگار کے طور پر اپنے پاس رکھتا ہے۔ تاہم پاکستان کی اننگز کے بعد جوش ٹنگ نے اولی رابنسن کو گیند کے 2 ٹکڑے کرنے کا ایک منفرد آئیڈیا دیا۔ سکرین شاٹ اولی رابنسن کا کہنا ہے کہ پاکستان کی اننگز کے بعد گراؤنڈ سے باہر جاتے ہوئے جوش ٹنگ نے کہا کہ ہمیں گیند آدھی آدھی تقسیم کر لینی چاہیے۔ میں نے کہا کہ واقعی ایسا کرنا چاہیے، میرے خیال میں یہ کافی زبردست ہوگا۔ اولی رابنسن کے مطابق تھوڑی دیر بعد حیران کن طور پر گراؤنڈ اسٹاف گیند کو 2 ٹکڑوں میں کرکے لے آئے، کرکٹ کی آدھی گیند جیسی چیز روز روز نہیں ملتی، اس لیے یہ ایسی یادگار ہے جسے ہم دونوں کبھی نہیں بھولیں گے۔ واضح رہے کہ تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ کی پہلی اننگز میں پاکستان کی بیٹنگ لائن انگلینڈ کے خلاف بری طرح ناکام ہوگئی اور پوری ٹیم 48.1 اوور میں 171 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ جواب میں دن کے اختتام تک انگلینڈ نے 2 وکٹ پر 112 رنز بنا لیے۔