اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 اگست2026ء) ایف آئی ایچ مینز ہاکی ورلڈ کپ 2026 کے افتتاحی میچ میں پاکستان کو انگلینڈ کے ہاتھوں 1-4 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، تاہم میچ کے دوران قومی ٹیم کی ایک انتظامی غلطی بھی توجہ کا مرکز بن گئی۔واقعہ میچ کے تقریباً 17ویں منٹ میں پیش آیا، جب انگلینڈ کو پنالٹی کارنر ملا۔ پاکستان کو پنالٹی کارنر سے دفاع کے لیے مخصوص حفاظتی سامان درکار تھا، تاہم یہ سامان اس وقت میدان میں موجود نہیں تھا۔ صورتحال کو سنبھالنے کے لیے پاکستان کا ایک کھلاڑی فوری طور پر ڈریسنگ روم کی جانب گیا اور حفاظتی سامان ایک بڑے سیاہ بیگ میں میدان میں پہنچایا۔ سامان لانے میں تاخیر کے باعث پاکستان کے کپتان ابو بکر محمود کو ریفری نے گرین کارڈ دکھایا، جس کے بعد انہیں دو منٹ کے لیے میدان سے باہر رہنا پڑا۔ پاکستان کے سابق کپتان سلمان اکبر نے واقعے پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ٹیم کی تیاری، نظم و ضبط اور انتظامی معاملات پر سوال اٹھائے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر تبصرہ کرتے ہوئے اسے پاکستان ہاکی کے لیے ایک ناپسندیدہ ریکارڈ قرار دیا۔سلمان اکبر کے مطابق پنالٹی کارنر کے دفاع کے لیے ضروری حفاظتی سامان ڈریسنگ روم میں رہ جانا بین الاقوامی ہاکی کے سب سے بڑے اسٹیج پر قابلِ قبول نہیں ہونا چاہیے۔سابق کپتان کا کہنا تھا کہ کسی بڑے ٹورنامنٹ کے لیے تیاری صرف حکمت عملی، فٹنس اور کھیل کی مہارت تک محدود نہیں ہوتی بلکہ نظم و ضبط اور انتظامی تیاری بھی اتنی ہی اہم ہے۔ان کے مطابق ورلڈ کپ جیسے ایونٹ میں اعلیٰ ترین سطح کی پیشہ ورانہ تیاری درکار ہوتی ہے، جبکہ اس نوعیت کے واقعات ٹیم کی بڑے مقابلوں کے لیے تیاری پر سنجیدہ سوالات اٹھاتے ہیں۔