کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2026ء) کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے اتوار کو جشن آزادی کے سلسلہ میں آزادی گدھا گاڑی ریس کا انعقاد کیا۔ ریس صبح ساڑھے آٹھ بجے نٹی جیٹی پل سے شروع ہوکر کمشنر آفس پر اختتام پزیر ہوئی ۔اتوار کو جاری اعلامیہ کے مطابق گدھا گاڑی ریس میں کم وبیش چالیس گدھا گاڑیوں نے حصہ لیا ۔کمشنرکراچی نے تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی اور جیتنے والوں میں انعامات تقسیم کئے۔ کمشنر کراچی آزادی گدھا گاڑی ریس میں کوئل گدھے نے پہلی پوزیشن حاصل کی ،مجید بلوچ فاتح گدھے کے کامیاب سوارقرارپائے۔ دوسری پوزیشن پیرل نے حاصل کی جس کے سوار چیمہ تھے جبکہ شاہ جہاں گدھے گاڑی نے تیسری پوزیشن حاصل کی اور اس کے سوار لال بادشاہ تیسرے نمبر پر رہے۔ کمشنر کراچی نے پاکستان زندہ بعد نعرے کے ساتھ کامیابی حاصل کرنے والے گدھا گاڑیوں اور ان کے سواروں کے ناموں کااعلان کیا اورانہیں مبارکباد دی ۔ انہوں نے کہا کہ گدھا گاڑی ریس کے انعقاد کا مقصد کراچی کے قدیم کھیلوں کو زندہ رکھنا ہے ،اس سے شہر میں امن کو مستحکم کرنے اور کھیلوں کو فروغ دینے کی حکومت کی کوششوں کو موثر بنانے میں مدد ملے گی۔ اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی آزاد خان نے کہا کہ گدھے گاڑی ریس کا انعقاد شہر کی مثبت سرگرمیوں کو فروغ دینے کی کوششوں کا حصہ ہے جس پر کراچی کے لوگ خاص طور پر لیاری کے لوگ قابل مبارکباد ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایسے موقع پر کمشنر کراچی کی جانب سے گدھے گاڑی ریس کاانعقاد اس کھیل کو زندہ رکھنے کی اہم کوشش ہے ۔انہوں نے کمشنر کراچی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس کھیل کو زندرہ رکھنے کے لئے مزید سرپرستی ہونی چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ گدھے گاڑی ریس کھیل وقت طلب اور مہنگا شوق ہے۔ اس کے لئے نجی شعبہ کو چاہئے کہ اس کو زندہ رکھنے کے لئے آگے بڑھ کراپنا کردار ادا کریں۔اس موقع پرڈی آئی جی ٹریفک سید پیر محمد شاہ نے کہا کہ گدھا گاڑی ریس کراچی کا قدیم کھیل اور قدیم ثقافت کا حصہ ہے۔