۹ فلاڈیلفیا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 اگست2026ء) روسی فائٹر اسلام مکھاشیو** نے یو ایف سی 330 کے مین ایونٹ میں آئرش فائٹر آئن ماچاڈو گیری کو متفقہ فیصلے سے شکست دے کر یو ایف سی کی تاریخ میں نیا ریکارڈ قائم کردیا۔اسلام مکھاشیو کی یہ مسلسل 17ویں یو ایف سی فتح ہے، جس کے ساتھ انہوں نے لیجنڈری فائٹر اینڈرسن سلوا کی 16 مسلسل فتوحات کا ریکارڈ توڑ دیا۔ اس کامیابی کے بعد مکھاشیو کا مجموعی پروفیشنل ریکارڈ 29-1 ہوگیا۔ پانچ راؤنڈز پر مشتمل مقابلے میں مکھاشیو نے اپنی روایتی ریسلنگ، ٹیک ڈاؤن اور گراؤنڈ کنٹرول کی حکمت عملی سے حریف کو دباؤ میں رکھا۔ دوسرے راؤنڈ میں انہوں نے ایک ہیڈ کک سے گیری کو گرا دیا اور بعد ازاں گراؤنڈ پر کنٹرول برقرار رکھا۔ گیری نے تیسرے راؤنڈ میں مؤثر کِکس اور دفاع کے ذریعے بہتر مزاحمت کی، تاہم مکھاشیو کی ریسلنگ کے سامنے مستقل برتری حاصل نہ کرسکے۔ پانچویں راؤنڈ میں بھی مکھاشیو نے ٹیک ڈاؤن حاصل کرکے گیری کی کمر پر کنٹرول قائم رکھا اور آخری گھنٹی تک برتری برقرار رکھی۔ججز نے متفقہ طور پر اسلام مکھاشیو کو فاتح قرار دیا، اسکور کارڈز 49-46، 49-46 اور 48-47 رہے۔ اس کامیابی کے ساتھ انہوں نے ویلٹر ویٹ ٹائٹل بھی برقرار رکھا۔