ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ 2026ء : انگلینڈ نے پاکستان کو 1-4 سے شکست دیدی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2026ء) نیدرلینڈز میں جاری ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ 2026ء میں انگلینڈ نے پاکستان کو 1-4 سے شکست دے کر اپنی مہم کا فاتحانہ آغاز کردیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان میچ ہفتہ کے

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2026ء) نیدرلینڈز میں جاری ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ 2026ء میں انگلینڈ نے پاکستان کو 1-4 سے شکست دے کر اپنی مہم کا فاتحانہ آغاز کردیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان میچ ہفتہ کے روز ویگنر ہاکی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا ۔پاکستان نے میچ کے ابتدائی لمحات میں جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے انگلینڈ پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کی اور پانچویں منٹ میں پنالٹی کارنر بھی حاصل کیا تاہم قومی ٹیم اس موقع سے فائدہ نہ اٹھا سکی۔ انگلینڈ نے آہستہ آہستہ کھیل پر گرفت مضبوط کی اور پاکستان کے دفاع میں جگہ بنانے کی کوششیں تیز کردیں۔ 12ویں منٹ میں اسٹورٹ رشمیئر نے گول کرکے انگلینڈ کو 0-1 کی برتری دلادی، جو پہلے کوارٹر کے اختتام تک برقرار رہی۔دوسرے کوارٹر میں پاکستان کو ایک اور مشکل کا سامنا کرنا پڑا جب کپتان ابو بکر کو تکنیکی خلاف ورزی پر گرین کارڈ دکھایا گیا۔ انگلینڈ نے دباؤ برقرار رکھتے ہوئے 29ویں منٹ میں سیم وارڈ کے ذریعے دوسرا گول داغ دیا اور ہاف ٹائم پر 0-2 کی برتری حاصل کرلی۔تیسرے کوارٹر کے آغاز میں انگلینڈ نے ایک مرتبہ پھر پنالٹی کارنر حاصل کیا، جس پر 32ویں منٹ میں سیم ہوپر نے گیند کو جال میں پہنچا کر انگلینڈ کی برتری 0-3 کردی۔ پاکستان کے لیے صورتحال مزید مشکل ہوگئی اور اسے آخری کوارٹر میں کم از کم تین گول کی ضرورت تھی۔ انگلینڈ نے چوتھے کوارٹر میں بھی پاکستان کو سنبھلنے کا موقع نہ دیا اور 48ویں منٹ میں ایک اور پنالٹی کارنر کو جیمز البرے نے گول میں تبدیل کرکے اسکور 0-4 کردیا ۔پاکستان نے 51ویں منٹ میں افراز کے ذریعے میچ کا اپنا پہلا گول اسکور کیا اور کچھ دیر کے لیے واپسی کی امید پیدا ہوئی تاہم انگلینڈ نے دفاع مضبوط رکھتے ہوئے پاکستان کو مزید گول کرنے سے روک دیا۔مقررہ وقت ختم ہونے پر انگلینڈ نے پاکستان کو 1-4 سے شکست دے کر ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ 2026ء میں فاتحانہ آغاز کیا جبکہ پاکستان کو اپنی مہم کے پہلے ہی میچ میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔



