اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اگست2026ء) قومی انڈر 15 ہاکی رجسٹریشن پورٹل کو پاکستان بھر کے اسکولوں اور نوجوان ہاکی اسٹیک ہولڈرز کی جانب سے شاندار ردِعمل موصول ہوا ہے جسے گراس روٹ لیول پر ہاکی کی بحالی کی سمت ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔جاری اعلامیہ کے مطابق پورٹل پر دستیاب تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق نیشنل انڈر 15 ہاکی ڈیویلپمنٹ پروگرام کا حصہ بننے کے لیے ملک بھر سے 791 اسکولوں نے رجسٹریشن کروائی ہے۔ ان میں سے 753 اسکولوں کی درخواستیں منظور کی جا چکی ہیں جبکہ 38 اسکولز فی الوقت زیرِ جائزہ ہیں۔ اب تک کسی بھی اسکول کی درخواست مسترد نہیں کی گئی۔رجسٹریشن مہم کے دوران 1,057 انڈر 15 کھلاڑیوں نے اپنا اندراج کروایا، جن میں سے 960 کھلاڑیوں کو منظوری دی جا چکی ہے، 96 کی درخواستیں زیرِ جائزہ ہیں اور صرف 1 درخواست مسترد کی گئی ہے۔ مزید برآں، 43 کوچز نے بھی پورٹل پر رجسٹریشن کروائی ہے، جن میں 36 منظور شدہ جبکہ 7 کی درخواستیں زیرِ غور ہیں۔ اس طرح مجموعی طور پر 1,100 افراد بشمول 1,057 نوجوان کھلاڑی اور 43 کوچز ظ پورٹل پر رجسٹرڈ ہو چکے ہیں جس کے نتیجے میں ابھرتے ہوئے انڈر 15 ہاکی ٹیلنٹ کا پاکستان میں ایک بڑا ڈیجیٹل ڈیتابیس تشکیل پا گیا ہے۔اس اقدام کا مقصد اسکولوں کو انڈر 15 ہاکی ٹیموں کی تشکیل و ترقی کے لیے ایک منظم طریقہ کار فراہم کرنا، باصلاحیت لڑکوں اور لڑکیوں کی نشان دہی کرنا، انہیں تربیت یافتہ کوچز سے منسلک کرنا اور بالآخر قومی ٹیموں کے لیے بہترین کھلاڑی تیار کرنا ہے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے ملک بھر میں اسکول ہاکی کو وسعت دینے کا ہدف مقرر کیا ہے، پروگرام میں شامل رجسٹرڈ اسکولوں کو اگلے دو سے تین ہفتوں میں ہاکی کا سامان اور کٹس فراہم کی جائیں گی تاکہ وہ اپنی ٹیمیں تشکیل دے کر باقاعدہ تربیت اور مقابلوں میں حصہ لے سکیں۔یہ منصوبہ نیشنل انڈر 15 اسکولز ہاکی ڈیویلپمنٹ پروگرام کا حصہ ہے، جس کا مقصد ہاکی کو دوبارہ اسکولوں تک پہنچانا ہے۔ پی ایچ ایف نے 12 سے 22 نومبر 2026 تک نیشنل انڈر 15 بوائز اینڈ گرلز ہاکی چیمپئن شپ کے انعقاد کا منصوبہ بھی بنایا ہے تاکہ نوجوان کھلاڑیوں کو قومی سطح پر اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع مل سکے۔