ضلع لاڑکانہ میں جشن آزادی کے سلسلہ میں مختلف کھیلوں کے مقابلے جاری
لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2026ء) پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے سلسلے میں ضلع لاڑکانہ میں مختلف کھیلوں کے مقابلے بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ جاری ہیں۔ اس سلسلے میں سندھ اسپورٹس محکمہ لاڑکانہ ک

لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2026ء) پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے سلسلے میں ضلع لاڑکانہ میں مختلف کھیلوں کے مقابلے بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ جاری ہیں۔ اس سلسلے میں سندھ اسپورٹس محکمہ لاڑکانہ کے تعاون سے محمد ایوب کھوڑو اسپورٹس کمپلیکس لاڑکانہ میں جوڈو کراٹے کے مقابلے کا انعقاد کیا گیا جس میں ضلع لاڑکانہ کی مختلف ٹیموں جن میں ٹائیگر کراٹے کلب، چیمپئنز کراٹے کلب اور سوئیٹ ہوم کراٹے کلب شامل ہیں، نے شرکت کی۔ جوڈو کراٹے کے مقابلوں میں ضلع لاڑکانہ کی ٹیموں کے درمیان دلچسپ اور سخت مقابلے ہوئے جہاں کھلاڑیوں نے اپنی بہترین صلاحیتوں، مہارت اور کھیل کے جذبے کا شاندار مظاہرہ کیا۔اس موقع پر مہمانِ خصوصی چیئرمین سچل ٹاؤن لاڑکانہ سرائے سرفراز کھوکھر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یومِ آزادی کے موقع پر ایسے کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد نوجوانوں میں صحت مندانہ سرگرمیوں، ہمت اور مسابقت کا جذبہ پیدا کرنے کے لیے ایک بہترین اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے ذریعے نوجوانوں کو صحت مند اور مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے بہترین مواقع بھی فراہم ہوتے ہیں۔اس موقع پر پہلی پوزیشن ٹائیگر کراٹے کلب، دوسری پوزیشن چیمپئنز کراٹے کلب جبکہ تیسری پوزیشن سوئیٹ ہوم کراٹے کلب نے حاصل کی۔ جوڈو کراٹے کے مقابلوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔ اس موقع پر محفوظ مکانی، ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر لاڑکانہ، محکمہ اسپورٹس کے افسران، کوچز، کھلاڑی، کھیلوں سے وابستہ شخصیات اور بڑی تعداد میں شائقین بھی موجود تھے۔مقابلوں میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں نے یومِ آزادی کی خوشی میں بھرپور جوش و جذبے کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان زندہ باد کے نعرے بھی لگائے۔



