سکھر میں اسپورٹس گالا اختتام پذیر، نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم
سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2026ء) صوبائی وزیر کھیل سردار محمد بخش خان مہر اور سیکریٹری کھیل منور علی مہیسر کی ہدایات پر جشنِ آزادی اور معرکہ حق کے سلسلے میں سکھر میں منعقد ہونے والے اسپورٹس گ

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2026ء) صوبائی وزیر کھیل سردار محمد بخش خان مہر اور سیکریٹری کھیل منور علی مہیسر کی ہدایات پر جشنِ آزادی اور معرکہ حق کے سلسلے میں سکھر میں منعقد ہونے والے اسپورٹس گالا کی شاندار اختتامی تقریب منعقد ہوئی، جس میں مختلف کھیلوں کے مقابلوں میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں اور کھیلوں سے وابستہ شخصیات نے شرکت کی۔ اسپورٹس گالا کا انعقاد ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر محمد اخلاق میمن کی زیر نگرانی کیا گیا۔ اختتامی تقریب میں ڈپٹی کمشنر سکھر نادر شہزاد خان، پاکستان نیوی سکھر کے لیفٹیننٹ کمانڈر یاسر کامران خواجہ، چیف ایڈمن راو رئیس، سیپکو بورڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن سنان اسلام شیخ، یوسی چیئرمین یاسین آرائیں، یوسی چیئرمین حضور بخش میرانی، یوسی چیئرمین فرحان علی میرانی، بیگم نصرت بھٹو یونیورسٹی سکھر کے ڈین ڈاکٹر شہزاد نسیم، ڈپٹی ڈائریکٹر کھیل میر محمد کلہوڑو، اسپورٹس آفیسر گھوٹکی نثار احمد چانڈیو اور دیگر مہمانوں نے شرکت کی۔ اسپورٹس گالا کے دوران تائیکوانڈو، ہاکی، کرکٹ، کک باکسنگ، رنگ بال، فٹسال، وہیل چیئر ریس اور رسہ کشی سمیت مختلف کھیلوں کے دلچسپ مقابلے منعقد ہوئے، جن میں کھلاڑیوں نے بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ حصہ لیا۔اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانوں نے کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو سراہا اور کہا کہ نوجوانوں کو کھیلوں کے بہتر مواقع اور سہولیات فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ کھیلوں کے فروغ سے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے ساتھ صحت مند معاشرے کے قیام میں بھی مدد ملتی ہے۔انہوں نے کہا کہ کھیل نوجوانوں میں نظم و ضبط، برداشت، ٹیم ورک اور مثبت سرگرمیوں کو فروغ دیتے ہیں، اس لیے کھیلوں کے میدان آباد کرنے کے لیے مزید اقدامات کیے جانے چاہئیں۔اختتامی تقریب کے موقع پر مختلف کھیلوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات، ٹرافیاں اور سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے۔ مہمانوں نے اسپورٹس گالا کے کامیاب انعقاد پر منتظمین، کھلاڑیوں اور محکمہ کھیل کو مبارکباد پیش کی۔



