لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2026ء) آزادی کپ/جونیئر سکواش چیمپئن شپ کے بوائز میں خیبر پختونخوا کے ریان بہادر جبکہ گرلز میں سندھ کی دامیہ خان نے ٹائٹل اپنے نام کر لیے۔ پنجاب سکواش کمپلیکس میں منعقدہ تین روزہ چیمپئن شپ کے انڈر 17 بوائز فائنل میں خیبر پختونخوا کے ریان بہادر نے پنجاب کے عمر فاروق بٹ کو تین صفر سیٹ سے شکست دے کر کامیابی حاصل کی۔ گرلز کیٹگری کے فائنل میں سندھ کی دامیہ خان نے پنجاب کی مریم ملک کو تین ایک سیٹ سے ہرا کر ٹائٹل جیت لیا۔چیمپئن شپ میں ملک بھر سے 170 سے زائد بوائز اور گرلز کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈی سی لاہور کیپٹن (ر) علی اعجاز نے دیگر مہمانانِ گرامی کے ہمراہ کامیاب کھلاڑیوں میں انعامات اور ٹرافیاں تقسیم کیں۔