ضلعی انتظامیہ کی زیرنگرانی جشنِ آزادی کی مناسبت سے ضلع حب میں شاندار شوٹنگ بال میچ کا انعقاد
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2026ء) ضلعی انتظامیہ کی زیرنگرانی جشنِ آزادی کی مناسبت سے ضلع حب میں ایک شاندار شوٹنگ بال میچ کا انعقاد کیا گیا، جس میں لیبر فائٹر اور حب فائٹر کی ٹیموں کے کھلاڑیوں ن

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2026ء) ضلعی انتظامیہ کی زیرنگرانی جشنِ آزادی کی مناسبت سے ضلع حب میں ایک شاندار شوٹنگ بال میچ کا انعقاد کیا گیا، جس میں لیبر فائٹر اور حب فائٹر کی ٹیموں کے کھلاڑیوں نے بھرپور حصہ لیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان ہونے والے مقابلے میں کھلاڑیوں نے بہترین کھیل، مہارت، جوش و جذبے اور کھیلوں کے اعلیٰ اسپرٹ کا مظاہرہ کیا، جس سے شائقینِ کھیل خوب محظوظ ہوئے۔ شوٹنگ بال میچ کے مہمانِ خصوصی گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن کے سابق صدر اور معروف اسپورٹس دوست رہنما ماسٹر عبدالعزیز رونجھو تھے، جبکہ ان کے ہمراہ ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر حاجی محمد ہاشم زہری اور ڈی ایف اے حب کے میڈیا کوآرڈینیٹر ابوبکر دانش میروانی بھی موجود تھے۔ مہمانِ خصوصی اور دیگر معزز مہمانوں کی گراؤنڈ آمد پر شوٹنگ بال ایسوسی ایشن ضلع حب کے جنرل سیکریٹری برکت علی نادر رونجھو، عہدیداران عبدالستار موندرہ، امان اللہ بندیچہ، ماسٹر عبدالعزیز لاسی، رضا محمد بسمل سمیت دیگر منتظمین اور کھیلوں سے وابستہ شخصیات نے پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر گراؤنڈ میں جشنِ آزادی کے حوالے سے خصوصی جوش و خروش دیکھنے میں آیا۔ کھلاڑیوں نے نہ صرف اپنی کھیلوں کی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کیا بلکہ پاکستان کے یومِ آزادی کی خوشیوں کو کھیلوں کے ذریعے اجاگر کرتے ہوئے قومی جذبے کا بھی مظاہرہ کیا۔ میچ کے دوران دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے ایک دوسرے کو سخت مقابلہ دیا اور شائقین نے بھی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے بھرپور داد دی۔ مہمانِ خصوصی ماسٹر عبدالعزیز رونجھو نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کھیل نوجوانوں کی صلاحیتوں کو مثبت سمت دینے کا بہترین ذریعہ ہیں۔ صحت مند معاشرے کے قیام اور نوجوان نسل کو منفی سرگرمیوں سے دور رکھنے کے لیے کھیلوں کے میدان آباد کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے شوٹنگ بال کے فروغ کے لیے ضلع حب کے کھلاڑیوں اور منتظمین کی کاوشوں کو سراہا۔ ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر حاجی محمد ہاشم زہری نے بھی کھیلوں کی سرگرمیوں کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یومِ آزادی کے موقع پر کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد نوجوانوں میں حب الوطنی، نظم و ضبط، باہمی احترام اور مثبت مسابقت کے جذبے کو فروغ دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع حب میں کھیلوں کے فروغ اور کھلاڑیوں کو بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔ شوٹنگ بال انتظامیہ نے کہا کہ جشنِ آزادی کے موقع پر اس نوعیت کی کھیلوں کی سرگرمیاں نوجوانوں کے لیے صحت مند تفریح کے ساتھ ساتھ قومی یکجہتی کا بھی ذریعہ بنتی ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی ضلع حب میں شوٹنگ بال سمیت دیگر کھیلوں کے فروغ کے لیے مقابلوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔جشنِ آزادی شوٹنگ بال میچ نے ایک مرتبہ پھر یہ ثابت کیا کہ ضلع حب کے نوجوانوں میں کھیلوں کا بے پناہ ٹیلنٹ اور جذبہ موجود ہے، ضرورت صرف اس امر کی ہے کہ انہیں مناسب پلیٹ فارم، سہولیات اور مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ضلع، صوبے اور ملک کا نام روشن کرسکیں۔



