لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2026ء) پاکستان کے 79 ویں یومِ آزادی کی مناسبت سے کھیل اور صحت مند طرزِ زندگی کو فروغ دینے کے لیے منعقدہ "ایکٹیوٹ جشنِ آزادی سائیکلنگ ریس 2026" میں معظم علی اور راجیعہ شبیر نے فتح حاصل کر کے چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔تقریب کا اہتمام ایکٹیوٹ، یونیک گروپ اور پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے اشتراک سے مشترکہ طور پر کیا گیا، جس میں معروف سائیکل سواروں، طلبہ اور اسپورٹس شائقین نے جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی۔ اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی صوبائی وزیرِ صحت پنجاب خواجہ عمران نذیر اور یونیک گروپ کے چیئرمین عبدالمنان خرم تھے۔ مردانہ مقابلوں میں معظم علی نے پہلی، منصور خان نے دوسری اور زاہد علی عمران نے تیسری پوزیشن حاصل کی، خواتین کے مقابلوں میں راجعیہ شبیر فاتح رہیں، جبکہ کشور نے دوسری اور الزبتھ نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ ایکٹیوٹ کے سفیر اور پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری معظم خان کلیئر نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے سائیکلسٹوں میں نقد انعامات، ٹرافیاں اور میڈل تقسیم کیے۔ اس موقع پر سی ای او ایکٹیوٹ اور ڈائریکٹر نیشنل ہسپتال ڈی ایچ اے لاہور آر ڈی رضوان آفتاب احمد نے اپنے خاص پیغام میں کہا: "ہم قائدِ اعظم، علامہ اقبال، حفیظ جالندھری اور پاکستان کی خاطر قربانی دینے والے ہر گمنام شہری کو سلام پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم پاک فوج، ہمارے شہدا، مزدوروں، کھلاڑیوں، کسانوں، اساتذہ، ڈاکٹروں اور اس سرزمین کی خدمت کرنے والے ہر فرد کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔ اس سرزمین کیلئے بعض نے اپنے خواب، بعض نے اپنا پسینہ اور بعض نے اپنی جانیں نچھاور کیں ۔تقریب میں یومِ آزادی کا کیک کاٹا گیا جبکہ ملی نغموں اور شاعری نے ماحول کو جشن کا روپ دے دیا۔ ایونٹ کا اختتام اس عزم کی تجدید کے ساتھ ہوا کہ کھیل، صحت مند طرزِ زندگی اور نوجوانوں کی ترقی کے لیے سائیکلنگ کو آئندہ بھی اسی طرح فروغ دیا جاتا رہے گا۔